الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں سے سالانہ گوشواروں کی تفصیلات مانگ لیں

پارٹی سربراہ کو ممنوعہ فنڈنگ وصول نہ کرنے کا حلف نامہ بھی جمع کرانا ہوگا، تمام جماعتیں 60 روز میں آمدن، اخراجات کی تفصیلات دینے کی پابند ہوں گی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 5 جولائی 2022 19:23

الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں سے سالانہ گوشواروں کی تفصیلات مانگ لیں
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 جولائی 2022ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سیاسی جماعتوں سے سالانہ گوشواروں کی تفصیلات مانگ لیں،پارٹی سربراہ کو ممنوعہ فنڈنگ وصول نہ کرنے کا حلف نامہ بھی جمع کرانا ہوگا، تمام جماعتیں 60 روز میں آمدن، اخراجات اور اثاثوں کی تفصیلات دینے کی پابند ہیں۔اے آروائی نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سیاسی جماعتوں سے سالانہ گوشواروں کی تفصیلات مانگ لیں، تمام سیاسی جماعتیں 2021-22 کی تفصیلات 29اگست تک فراہم کریں، تمام جماعتیں سال مکمل ہونے پر 60 روز میں گوشوارے جمع کرانے کی پابند ہیں۔

جماعتوں کو اپنی آمدن، اخراجات کے ذرائع اور اثاثوں کی تفصیلات دینا ہوں گی،سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو اپنی جانب سے ایک حلف نامہ بھی جمع کرانا ہوگا، حلف نامے میں بتانا ہوگا کہ جماعتوں نے ممنوعہ فنڈنگ وصول نہیں کی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پنجاب کے ضمنی ا نتخابات میں کامیابی کیلئے سیاسی جماعتوں کی انتخابی مہم زورو شور سے جاری ہے ،ایسے میں الیکشن کمیشن انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پرمتحرک ہوگیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر رانا تنویرکو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جرمانہ کردیا گیا۔ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسرشیخوپورہ نے پی پی 140 میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین اور مسلم لیگ (ن) کے امیدوار میاں خالد محمود پر 50،50 ہزارر وپے جرمانہ عائد کردیا ہے۔ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے تحریک لبیک کے امیدوار جاوید اقبال کو بھی ریلی نکالنے پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا۔

الیکشن کمیشن نے گزشتہ روز وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر کو پی پی 140 کے ضمنی الیکشن کی انتخابی مہم میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کردیا۔چیئرمین مانیٹرنگ ٹیم و الیکشن کمشنر نے مراسلہ جاری کیا۔رانا تنویر نے ایک روز قبل رانا خلیل کے ڈیرے پر اجتماع سے خطاب کیا تھا۔مراسلے کے مطابق ڈیرہ پی پی 140 کے علاقہ جنڈیالہ روڈ پر واقع ہے، رانا تنویر کے خطاب کی ویڈیو 24 گھنٹے سے وائرل ہے۔

رانا تنویر کو 4 جولائی دوپہر ایک بجے خود یا نمائندے کے ذریعے پیش ہونے کا نوٹس بھیجا گیا ہے، پیش نہ ہونے پر یکطرفہ کارروائی ہو سکتی ہے۔ یاد رہے کہ 17 جولائی کو پنجاب کے متعدد حلقوں میں ضمنی انتخابات کا دنگل سجے گا۔ تحریک انصاف اور مسلم لیگ ایک دوسرے کو ضمنی الیکشن میں ٹف ٹائم دینے کیلئے صف آرا ہے، چیئرمین تحریک انصاف کے جلسوں کا شیڈول بھی جاری کردیا گیا ہے جبکہ مریم نواز بھی لاہور کے بعد پنجاب کے دیگر اضلاع میں انتخابی مہم کے سلسلے میں عوامی جلسوں سے خطاب کریں گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں