اقتصادی رابطہ کمیٹی نے5 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کیلئے بولی کی منظوری دے دی

گندم کی درآمد کیلئے 439 ڈالر کی کم ازکم بولی کرگل انٹرنیشنل نے دی تھی، وزیراعظم سستا آٹا پروگرام کو خیبرپختونخواہ تک توسیع دی جائے گی۔ وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کی زیرصدارت ای سی سی کا اجلاس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 5 جولائی 2022 19:43

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے5 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کیلئے بولی کی منظوری دے دی
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 جولائی 2022ء) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے5 لاکھ میٹرک ٹن گندم کیلئے بولی کی منظوری دے دی، گندم کی درآمد کیلئے 439 ڈالر کی کم ازکم بولی کرگل انٹرنیشنل نے دی تھی، وزیراعظم سستا آٹا پروگرام کو خیبرپختونخواہ تک توسیع دی جائے گی۔ ہم نیوز کے مطابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وفاقی وزراء، وزرائے مملکت، سیکریٹریز اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

ای سی سی نے 5 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کیلئے بولی کی منظوری دے دی۔ گندم کی درآمد کیلئے 439 ڈالر کی کم ازکم بولی کرگل انٹرنیشنل نے دی تھی، ورلڈ فوڈ پروگرام کے تحت افغانستان کیلئے ایک لاکھ 20 ہزار ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری دی۔

(جاری ہے)

افغانستان کیلئے منگوائی جانے والی گندم کے تمام اخراجات ڈالر میں وصول کئے جائیں گے، لمپی اسکن بیماری کو نیشنل ڈیزیز ایمرجنسی قرار دینے کیلئے مشاورت کی ہدایت کی گئی۔

ای سی سی نے ٹمبر کے درآمد کنندگان کیلئے31 اگست تک درآمدی پابندی نرم کردی ہے، افغانستان سے پاکستانی کرنسی میں درآمد کیلئے امپورٹ پالیسی کی منظوری دی گئی ہے۔ وزیراعظم سستا آٹا پروگرام کی خیبرپختونخواہ تک توسیع  کیلئے اقدامات کی ہدایت کی گئی، بیرونی قرض کی ادائیگی کیلئے ایک ارب 93 کروڑ کی گرانٹ منظور کی گئی۔ دوسری جانب وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سے کنٹری ڈائریکٹر ایشیائی ترقیاتی بینک یونگ یی نے ملاقات کی جس میں ملک میں جاری منصوبوں پر تبادلہ خیا ل کیا گیا ،ملاقات میں فنانس اور اے ڈی بی کے سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔

اس مو قع پر وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پائیدار ترقی کے لئے اصلاحاتی پروگرام جاری رکھنے میں بنک کے تعاون کو سراہتے ہوئے وفد کو موجودہ بجٹ اور مالیاتی اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں