مفتاح اسماعیل یا اسحاق ڈار، لیگی قیادت دو دھڑوں میں بٹ گئی

وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق لندن میں موجودہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی پاکستان واپسی کے بےچینی سے منتظر ہیں جب کہ شاہد خاقان عباسی اور خواجہ آصف مفتاح اسماعیل کے گرویدہ ہیں

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 7 جولائی 2022 14:51

مفتاح اسماعیل یا اسحاق ڈار،  لیگی قیادت دو دھڑوں میں بٹ گئی
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 جولائی 2022ء) مفتاح اسماعیل اور اسحاق ڈار کے حوالے سے لیگی قیادت دو دھڑوں میں بٹ گئی۔جنگ اخبار کی رپورٹ کے مطابق ملکی معیشت کی باگ دوڑ سنبھالنے کے حوالے سے ن لیگ کی قیادت دو دھڑوں میں تقسیم ہو گئی ہے۔وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق لندن میں موجودہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی پاکستان واپسی کے بےچینی سے منتظر ہیں جب کہ شاہد خاقان عباسی اور خواجہ آصف مفتاح اسماعیل کے گرویدہ ہیں۔

خواجہ سعد رفیق نے تازہ ترین بیان میں اسحاق ڈار کی تعریفوں کے پل باندھ دئیے ہیں اور اسحاق ڈار کو دور اندیش ، معیشت کا ماہر، دیانتدار اور قابل قرار دیا ہے۔سعد رفیق نے یہاں تک کہا کہ ان کے بغیر ن لیگ کی ٹیم نامکمل ہے، ڈار صاحب کی رہنمائی پیچیدہ حکومتی امور کے حل کیلئے تریاق ثابت ہو گی۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا تھا کہ مفتاح اسماعیل وزیراعظم کی ٹیم کے محنتی ترین ارکان میں سے ایک ہیں۔

سابق وزیر اعظم شاہد خاقان کا کہنا تھا کہ معیشت سے متعلق مفتاح اسماعیل کے علم کا پاکستانی سیاست میں اور کسی سے کوئی موازنہ نہیں ، انہوں نے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچانے میں اہم ترین کردار ادا کیا ہے۔خیال رہے کہ لندن میں موجود اسحاق ڈار کہہ چکے ہیں کہ وہ جلد پاکستان آئیں گے جبکہ ان کے وزارت خزانہ سنبھالنے کا فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی۔

جب کہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی پاکستان آمد کی خبروں کے درمیان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما مفتاح اسماعیل کی حمایت میں شاہد خاقان عباسی میدان میں آگئے ۔ نجی ٹی وی کے مطابق سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستانی معیشت سے متعلق مفتاح اسماعیل کے علم کا پاکستانی سیاست میں اورکسی سے کوئی موازنہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مفتاح اسماعیل نے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچانے میں اہم ترین کردار ادا کیا ہے۔

واضح رہے کہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار جولائی کے آخر تک پاکستانی پہنچ جائیں گے۔لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے بتایا تھا کہ میری وطن واپسی میں وزیراعظم شہباز شریف کی رضامندی شامل ہے ، نواز شریف کے حکم پر پاکستان جارہا ہوں۔اسحاق ڈار کے مطابق نیا پاکستانی پاسپورٹ مل چکا ہے، ڈاکٹر نے بھی اجازت دے دی ہے، پاکستان واپسی کے لیے کسی لیگی رہنما کی اجازت نہیں چاہیے، نواز شریف کا حکم کافی ہے، مجھے تحریک انصاف کی حکومت نے انتقام کا نشانہ بنایا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں