حکومت کا عید پر پی آئی اے کے کرایوں میں 20 فیصد کمی کا اعلان

سہولت عید کے تینوں دن اندرون ملک پروازوں پر سفر کے لیے میسر ہوگی۔ وفاقی وزیر ہوا بازی خواجہ سعد رفیق

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 7 جولائی 2022 14:59

حکومت کا عید  پر پی آئی اے کے کرایوں میں 20 فیصد کمی کا اعلان
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 07 جولائی 2022ء ) حکومت نے عید الاضحیٰ پر قومی ایئرلائن پی آئی اے کے کرایوں میں 20 فیصد کمی کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کے سی ای او کو خصوصی ہدایات جاری کی ہیں جس کے تحت عید الاضحیٰ پر قومی ایئرلائن کے کرایوں میں کمی کی جائے گی ، اس حوالے سے وفاقی وزیر ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عید پر پی آئی اے کرایوں میں 20 فیصد کمی کرے گی اور یہ سہولت عید کے تینوں دن اندرون ملک پروازوں پر سفر کے لیے میسر ہوگی۔

دوسری جانب پاکستان ریلوے نے عیدالاضحیٰ پر پردیسیوں کی سہولت اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کرلیا ہے تاکہ دوسرے شہروں میں مقیم لوگ عید پر اپنے گھروں کو جاسکیں ، اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ مسافروں کے رش کے پیش نظر کیا گیا ہے، 8 جولائی صبح 10 بجے پہلی اسپیشل ٹرین کوئٹہ سے براستہ ملتان، ساہیوال، لاہور سے پشاور پہنچے گی ، جب کہ 8 جولائی کو دوسری اسپیشل ٹرین شام 6 بج کر45 منٹ پر کراچی سے براستہ ملتان، فیصل آباد، لاہور پہنچے گی ، 13 جولائی کو تیسری اسپیشل ٹرین لاہور سے صبح11 بج کر30 منٹ پر براستہ فیصل آباد، ملتان سے کراچی پہنچے گی۔

(جاری ہے)

ادھرعید تعطیلات کے باوجود بینکوں کو جمعہ کے روز تک منتخب برانچیں کھلی رکھنے کی ہدایت کردی گئی ، اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ عیدتعطیلات میں بینکوں کی مخصوص برانچز جمعہ کو بھی کھلیں گی ، اس ضمن میں مویشی منڈیوں کے قریب برانچز 8 جولائی کو کھلی رکھنے کا کہا گیا ہے ، مذکورہ تاریخ پر معمول کے طریقہ کار سے کام کی انجام دہی کے لیے بینکوں کو منتخب برانچوں میں ضروری عملہ تعینات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاہم کلیئرنگ کے تمام لین دین 13 جولائی سے ہوں گے۔

بتایا گیا ہے کہ یہ فیصلہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر طویل تعطیلات کے دوران بالخصوص تجارت و صنعت سے وابستہ افراد اور بالعموم عوام کو بینکاری خدمات کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے ، اس مقصد کے لیے مختلف بینک بشمول مائیکروفنانس بینک ملک بھر میں مویشی منڈیوں کے قرب و جوار ، بڑے شہروں ، کاروباری مراکز ، تجارتی مقامات اور پورٹس وغیرہ پر اپنی منتخب برانچیں جمعہ 8 جولائی 2022 کو کھولیں گے تاہم 8 جولائی کو آر ٹی جی ایس اور نفٹ (NIFT) کے ذریعے کلیئرنگ دستیاب نہیں ہوگی اور کلیئرنگ کے تمام لین دین بشمول زرِ مبادلہ کی تبدیلی کا تصفیہ اگلے یومِ کار یعنی بدھ 13 جولائی 2022ء کو کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں