کابینہ میں مزید توسیع ‘ وزیر اعظم نے ایک اور معاون خصوصی رکھ لیا

صادق افتخار کو شہباز شریف کا سسپیشل اسسٹنٹ مقرر کردیا گیا ‘ عہدہ وزیر مملکت کے برابر ہوگا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 7 جولائی 2022 16:24

کابینہ میں مزید توسیع ‘ وزیر اعظم نے ایک اور معاون خصوصی رکھ لیا
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 07 جولائی 2022ء ) وفاقی کابینہ میں مزید توسیع کرتے ہوئے وزیر اعظم نے ایک اور معاون خصوصی رکھ لیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے صادق افتخار کو اپنا سسپیشل اسسٹنٹ مقرر کردیا ہے ، صادق افتخار کا تعلق ایم کیو ایم پاکستان سے ہے جب کہ صادق افتخار کا عہدہ وزیر مملکت لے برابر ہوگا۔ گزشتہ ماہ بھی وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے ایک سینیٹر اور تین ممبران قومی اسمبلی کو معاونین خصوصی تعینات کیا گیا ہے ، قومی اسمبلی کے رکن محمد جنید انوار چوہدری کو وزیر اعظم شہباز شریف کا معاون خصوصی مقرر کیا گیا ، وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی محمد جنید انوار کا عہدہ وزیر مملکت کا ہوگا ، محمد جنید انوار چوہدری وزیراعظم شکایات سیل کے سربراہ ہوں گے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی جنید انوار نے عہدہ ملنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ذمہ داریاں پوری محنت اور اخلاص سے نبھائیں گے ، حکومت ترقی اور خوشحالی کے لیے دن رات کوشاں ہے۔ ان کے علاوہ سینیٹر حافظ عبدالکریم، ممبر قومی اسمبلی رومینہ خورشید عالم اور شیخ فیاض الدین کو بھی معاون خصوصی مقرر کیا گیا ، معاون خصوصی کے عہدے وزیر مملکت کے برابر ہوں گے جب کہ تعینات کیے جانے والے چاروں افراد کا تعلق مسلم لیگ ن سے ہے۔

ادھر مسلم لیگ ن کے کئی رہنماء معاون خصوصی نہ بنائے جانے پر ناراض ہوگئے ، پارٹی قیادت سے نالاں رہنماؤں نے نئی تعیناتیوں پر سوالات اٹھا دیے ، طارق فضل چوہدری ، محسن شاہنواز رانجھا ، محمد زبیر اور طلال چوہدری حکومتی عہدہ نہ ملنے پر پارٹی سے نالاں ہیں ، اس حوالے سے ان رہنماؤں کا کہنا ہے کہ پارٹی قیادت کے رویے نے ہمیں دکھ پہنچایا ہے ، جن 4 لوگوں کو وزیراعظم نے معاون خصوصی بنایا ان کی پارٹی کے لیے خدمات کیا ہیں؟ اپوزیشن دور میں کیا یہ لوگ کبھی کسی تحریک کا حصہ بنے؟ کیا یہ لوگ کسی رہنماء کی عدالتوں میں پیشی پر کسی کو دکھائی دیے؟۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں