حکومت کے آخری دن ہیں‘ ن لیگ سے کہتا ہوں آپ نے گھبرانا نہیں ، فواد چوہدری

آپ تو مہنگی بجلی نہیں دے پا رہے مفت کیا دیں گے ، اپنے دن گننا شروع کر دیں۔ پی ٹی آئی رہنماء کی پریس کانفرنس

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 7 جولائی 2022 17:15

حکومت کے آخری دن ہیں‘ ن لیگ سے کہتا ہوں آپ نے گھبرانا نہیں ، فواد چوہدری
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 07 جولائی 2022ء ) سابق وفاقی وزیر اطلاعات اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت کے آخری دن ہیں ، ن لیگ سے کہتا ہوں آپ نے گھبرانا نہیں ، آپ تو مہنگی بجلی نہیں دے پا رہے مفت کیا دیں گے ، اپنے دن گننا شروع کر دیں۔ تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت مسلم لیگ ن میں گھبراہٹ کا ماحول ہے کیوں کہ حکومت کے آخری دن ہیں اور آج پھر بجلی کی قیمت میں اضافہ کیا گیا ہے ، آج بجلی کی کھپت کم ہے لیکن پھر بھی 8 سے 10 گھنٹےکی لوڈشیڈنگ ہے ، یہ مہنگی بجلی نہیں دے پا رہے تو مفت کیا دیں گے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ہر بھارتی سرمایہ کار ان کا پارٹنر بنا ہوا ہے ، حکومت کی جانب سے بھارت کو خوش کرنے کی کوشش کی مذمت کرتے ہیں جبکہ دنیا بھر میں بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھ رہی ہے مگر حکومت خاموش ہے جب کہ صحافیوں کے خلاف ظلم پر ٹوئٹر نے بھارتی سرکار کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا اور وزیر خارجہ بلاول زرداری کہتے ہیں ہم بھارت کے ساتھ معاشی روابط بحال کریں گے ، وزیر خارجہ مودی کی خوشنودی کے لیے کوشاں ہیں۔

(جاری ہے)

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ سگریٹ انڈسٹری کی نمائندگی مریم اورنگزیب کے شوہر کرتے ہیں اور سیکرٹری کابینہ کو خط لکھا ہے کہ سیگریٹ انڈسٹری اجلاس میں مریم اورنگزیب کیوں شریک تھیں ؟ اور اگر یہ ثابت ہوگیا تو ہم مریم اورنگزیب پر ریفرنس فائل کریں گے ، مریم نواز نے کہا تھا مریم اورنگزیب رات رات بیٹھ کر بجٹ پر کام کر رہی ہیں اس لیے بجٹ میں سگریٹ انڈسٹری پر ٹیکس کی چھوٹ دی گئی ، دنیا میں سگریٹ انڈسٹری کی حوصلہ شکنی ہو رہی اور ہمارے ہاں یہ حوصلہ افزائی ، مریم اورنگزیب کے شوہر نے اپنی بیگم کے ذریعے انڈسٹری کو فائدہ پہنچایا ہے۔

پی ٹی آئی رہنماء نے کہا کہ شریف فیملی کے لوگ ہمیشہ پیسے لوٹتے ہیں اور ملک سے باہر چلے جاتے ہیں ، سولر انرجی توانائی کا اہم ذریعہ ہے اور ایسا نہیں ہوسکتا ہے آپ پیسے لوٹیں اور چلے جائیں ، سولر پینلز اسکینڈل پر عدالت کو چاہیے نوٹس لے ، بدقسمتی سے عدالت کے علاوہ تو سب ادارے سوئے ہوئے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں