حکومت کا شہروں کے باہر ایک ایک میگاواٹ کے سولر پلانٹ لگانے کا فیصلہ

سولر پالیسی کے پہلے قدم پر بجلی کی قیمت کم ہوجائے گی، دن کو سولر اور رات کو دیگر فیول پر پلانٹس چلائے جائیں گے،وزیراعظم یکم اگست کو سولر پالیسی کا اعلان کریں گے۔وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 7 جولائی 2022 20:17

حکومت کا شہروں کے باہر ایک ایک میگاواٹ کے سولر پلانٹ لگانے کا فیصلہ
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔07 جولائی 2022ء) وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ شہروں کے باہر ایک ایک میگاواٹ کے سولر پلانٹ لگانے کا فیصلہ کیا ہے، سولر پالیسی کے پہلے قدم پر بجلی کی قیمت کم ہوجائے گی، دن کو سولر اور رات کو دیگر فیول پر پلانٹس چلائے جائیں گے،وزیراعظم یکم اگست کو سولر پالیسی کا اعلان کریں گے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر کا کہنا ہے کہ تربیلا ڈیم کی پیداوار بڑھ کر 38سو میگاواٹ تک ہوگئی ہے، بجلی پیداوار بڑھ گئی ، جولائی میں لوڈشیڈنگ میں کمی آئے گی، کوئلے کی ترسیل کی بہتری سے کوئلے کے پلانٹس کی بھی پیداوار بڑھ گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سولر پاور پلانٹ لگنے سے 2 ہزار میگاواٹ بجلی ملے گی ، شہروں کے باہر ایک ایک میگاواٹ کے سولر پلانٹ لگائے جائیں گے، سرکاری عمارتوں کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جارہا ہے، پورے ملک میں ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کی تجویز ہے، شمسی توانائی کے استعمال سے درآمدی ایندھن کے استعمال میں کمی آئے گی، تھرمل پلانٹس کے ساتھ 7مقامات پر سولر پلانٹ لگائے جائیں گے، وزیراعظم یکم اگست کو سولر پالیسی کا اعلان کریں گے،سولر پالیسی کے پہلے اقدام سے بجلی کی قیمت کم کرنے میں مدد ملے گی، دن کو سولر اور رات کو دیگر فیول پر پلانٹس چلائے جائیں گے، چھوٹے پلانٹ لگنے سے گاؤں اور دیہاتوں میں بجلی ملے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی تنظیم کسی علاقے میں سولر پلانٹ لگانا چاہے تو اس کو حکومت ریلیف فراہم کرے گی، سولر پلانٹ لگنے سے ایک سال میں 7سے 10ہزار میگاواٹ بجلی کی بچت ہوگی، کروٹ پلانٹ سے 720میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوگئی ہے، نیلم جہلم پاور پلانٹ کی ابتدائی خرابی کا تعین ہوگیا ہے، شنگھائی الیکٹرک کا 12سو میگاواٹ کا منصوبہ ایک سال میں مکمل ہوجائے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں