وزیراعظم شہبازشریف نے پارلیمان کی قائمہ کمیٹیوں کی کارروائی نشر کرنے کے لئے سپیکرقومی اسمبلی کو خط لکھ دیا

جمعرات 7 جولائی 2022 21:49

وزیراعظم شہبازشریف  نے    پارلیمان کی قائمہ کمیٹیوں کی کارروائی نشر کرنے   کے لئے سپیکرقومی اسمبلی  کو خط لکھ دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جولائی2022ء) وزیراعظم شہبازشریف نے پارلیمنٹ کے بعد پارلیمان کی قائمہ کمیٹیوں کی کارروائی نشر کرنے کے حوالہ سے ضابطہ کی کارروائی پوری کرنے کے لئے سپیکرقومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کوباضابطہ طور پر خط لکھا ہے، اس اقدام سے ملک بھر کے عوام اور خاص طور پر نوجوان آئین، اپنے حقوق، جمہوری نظام میں پارلیمنٹ کی اہمیت اور کارکردگی سے آگاہ ہو سکیں گے۔

جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے اپنے خط میں لکھا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کے دور میں پی ٹی وی پارلیمنٹ کے آغاز کی صورت میں انقلابی قدم اٹھایاگیا تھا ، اس عمل کا دوسرا مرحلہ جلد شروع کیا جائے جو سابق حکومت کے چار سال میں روک دیاگیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پارلیمان کے لازمی اور نہایت کلیدی حصوں اور مجالس قائمہ کے اجلاسوں کی کارروائی بھی براہ راست نشر کی جائے، اس ضمن میں مطلوبہ حدود اور مناسب طریقہ کار وضع کیا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سابق سپیکر ایاز صادق نے مریم اورنگزیب کے ساتھ مل کر نہایت احسن انداز میں پارلیمان کی کارروائی قوم تک پہنچانے کاسلسلہ شروع کیاتھا اور عوام ، اہل صحافت اور دیگر شعبہ ہائے زندگی نے اس اقدام کی بہت پذیرائی کی تھی۔ وزیراعظم نے کہا کہ سیاسی کارکن اور آئین کی تخلیق کا کارنامہ انجام دینے والی جماعت کے اہم رہنما کے طور پر آپ آئین اور پارلیمنٹ کی اہمیت سے بخوبی آگاہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مریم اورنگزیب کو ہدایت کی ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی کی رہنمائی میں اس مرحلے کو حتی المقدور تیزی سے مکمل کیا جائے۔ وزیراعظم نے اپنے خط میں امید ظاہر کی کہ ہم سب کی یہ کاوش پارلیمان کی توقیر بڑھائے گی جس سے خاص طور پر عوام ، نوجوان آئین، اپنے حقوق، جمہوری نظام میں پارلیمنٹ کی اہمیت اور کارکردگی سے آگاہ ہو سکیں گے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ وزارت اطلاعات و نشریات سپیکر قومی اسمبلی کے اشتراک عمل سے منصوبے کے دوسرے مرحلے پر ہنگامی طور پر عملدرآمد یقینی بنائے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں