موجودہ حکومت سے نمٹنے کیلئے ایک اور منصوبہ تیار کر لیا ہے،عمران خان

منصوبے کا اعلان آزادی جلسے میں کروں گا،کیا ہمارے لوگ بھی خوف میں مبتلا ہو کر سازش کے سامنے سر جھکائیں گے؟چیئرمین تحریک انصاف

Abdul Jabbar عبدالجبار پیر 8 اگست 2022 11:08

موجودہ حکومت سے نمٹنے کیلئے ایک اور منصوبہ تیار کر لیا ہے،عمران خان
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 8 اگست 2022ء ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ انہوں نے موجودہ فسطائی حکومت سے نمٹنے کا ایک اور منصوبہ تیار کر لیا ہے۔ منصوبے کا اعلان وہ آزادی جلسے میں کریں گے۔ عمران خان نے کہا ہے کہ برسرِ اقتدار مجرموں اور ان کے سرپرستوں کی شکل میں پاکستان آج یزیدیت کے نرغے میں ہے،کیا ہمارے لوگ بھی خوف میں مبتلا ہوکر اس سازش کے سامنے سر جھکائیں گے؟ یا بحیثيت قوم اس کڑے امتحان کا سامنا کریں گے؟ عمران خان کا کہنا تھا کہ فسطائی حکومت سے نمٹنے کے لیے ایک اور منصوبہ تیار کر لیا ہے جس کا اعلان 13 اگست کو آزآدی جلسے میں کروں گا۔

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 13 اگست کی رات اسلام آباد میں آزادی جلسے کا اعلان کر رکھا ہے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اس جلسے میں حکومت کو اسمبلیاں تحلیل کرنے کی ڈیڈلائن دیں گے۔ حکومت کو ایک ماہ سے زیادہ کا وقت نہیں دے سکتے، اگر انتخابات کا اعلان نہیں کیا جاتا تو پھر حکومت اگلے اقدامات کیلئے تیار ہوجائے، اس سے زیادہ وقت ملکی معیشت اور سیاست کا تختہ کردے گا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کے خلاف الیکشن کمیشن کاروائی کرنے میں بہت جلدی میں ہے،الیکشن کمیشن پر ہمیں کوئی اعتماد نہیں ہے، الیکشن کمیشن اور ممبران کے استعفے کا مطالبہ کررہے ہیں، الیکشن کمیشن کے نیچے انتخابات کو مسترد کردیں گے۔ ادھر پاکستان تحریک انصاف نے فیصل چوہدری ایڈووکیٹ کے توسط سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کی، جس میں انتخابی شیڈول معطل کرنے کی استدعا کی گئی ، اس مقصد کے لیے درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی اراکین کے استعفوں کی مرحلہ وار منظوری کے خلاف درخواست زیر التواء ہے، عدالت 4 اگست کو درخواست پر سماعت کرکے نوٹس جاری کر چکی ہے، اس لیے الیکشن کمیشن کا 5 اگست کو جاری کردہ شیڈول معطل کیا جائے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں