تحریک انصاف سے متعلق قانونی ٹیم کا حکومت کو محتاط رہنے کا مشورہ

عمران خان کیخلاف آرٹیکل 62۔63 کے تحت کارروائی نہیں کرنی چاہیے،تحریک انصاف کیخلاف پابندی کے معاملے پر احتیاط کریں، قانونی ٹیم

Abdul Jabbar عبدالجبار پیر 8 اگست 2022 14:47

تحریک انصاف سے متعلق قانونی ٹیم کا حکومت کو محتاط رہنے کا مشورہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 8اگست 2022) تحریک انصاف کیخلاف الیکشن کمیشن کے فیصلے سے متعلق قانونی ٹیم نے حکومت کو محتاط رہنے کا مشورہ دے دیا۔ اے آر وائے نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ عمران خان کیخلاف آرٹیکل 62۔63 کے تحت کارروائی نہیں کرنی چاہیے،اور عمران خان کے ڈکلیئریشن پر کوئی عام آدمی عدالت سے رجوع کر سکتا ہے۔

تحریک انصاف کیخلاف پابندی کے معاملے پر احتیاط اور درگزر کریں تو ہمارا ہاتھ اوپر ہوگا۔ تحریک انصاف پر پابندی لگ گئی تو وہ کسی اور نام سے رجسٹر ہو جائیں گے۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ قانونی ماہرین کے مشورے کے بعد ہی کابینہ ارکان کو سوچ سمجھ کر رائے دینے کا کہا گیا، جبکہ وزرا کو فیصلے کی کاپیاں اور سمری پوائنٹس دے کر کہا گیا کہ آئندہ اجلاس پر اپنی رائے دیں۔

(جاری ہے)

قانونی ماہرین نے کہا کہ جلد بازی نہیں کرنی چاہیے،حکومتی فیصلے کے 15 روز بعد عدالت جانا ہوگا۔ وفاقی کابینہ کی رائے آنے کے بعد ہی اس حوالےسے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ ادھر تحریک انصاف کے 13 اگست کے جلسے کیلئے راولپنڈی کرکٹ گراونڈ کا انتخاب کر لیا گیا ہے۔ تحریک انصاف 13 اگست کی شب راولپنڈی کرکٹ گراونڈ میں جلسہ کرے گی۔ حتمی مشاورت کیلئے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پارٹی رہنماوں کا اجلاس آج طلب کر لیا ۔

اجلاس میں عمران خان جلسے کے مقام کیلئے حتمی منظور دیں گے،جبکہ اسلام آباد میں انتظامیہ کی ممکنہ رکاوٹوں کے پیش نظر فیصلہ کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ماہر قانون ڈاکٹر بابر اعوان نے ملاقات کی جس میں قانونی معاملات پر گفتگو کی گئی ۔ ملاقات بنی گالہ میں ہوئی جس میں سیاسی آئینی اور قانونی امور پر مشاورت کی گئی ۔ بابر اعوان نے قانونی معاملات پر عمران خان کو بریفنگ دی، ملاقات میں 13 اگست کے جلسے پر بھی مشاورت کی گئی ۔ عمران خان نے کہا کہ 13 اگست کا جلسہ آغاز انقلاب ہو گا،فوری انتخابات کو کوئی نہیں روک سکتا،جنہیں غلط فہمی ہے جلد دور ہو جائیگی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں