میرے بیان میں ایسا کچھ نہیں جس سے شرمندگی ہو

میرا بیان محب الوطن کا بیان ہے، کسی کو اکسانے کی کوشش نہیں کی، بیوروکریسی کے افسران جو غلط بات کر رہے ہیں میں نے ان کے بارے میں بات کی۔ شہباز گل کی گفتگو

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 10 اگست 2022 11:05

میرے بیان میں ایسا کچھ نہیں جس سے شرمندگی ہو
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ ۔10 اگست 2022ء) غداری کے مقدمے میں گرفتار پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا ہے میرے بیان میں ایسا کچھ نہیں جس سے شرمندگی ہو۔جنگ اخبار کے مطابق انہوں نے پیشی سے قبل عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرا بیان محب الوطن کا بیان ہے۔فوج سے پیار کرنے والا بیان ہے کسی کو اکسانے کی کوشش نہیں کی۔

گرفتار پی ٹی آئی رہنما شہباز گل نے یہ بھی کہا کہ بیوروکریسی کے افسران جو غلط بات کر رہے ہیں میں نے ان کے بارے میں بات کی۔جبکہ شہباز گل کے وکیل فیصل چوہدری کا کہنا ہے کہ شہباز گل کے کپڑوں میں خون آلود دھبے نظر آئے۔عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عدالت کو خطرے سے آگاہ کیا ہے۔ہمیں خطرہ ہے کہ جسمانی ریمانڈ پر بھیجا تو شاید عدالت دوبارہ انہیں نہ دیکھ سکے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ اسلام آباد کی عدالت نے غداری کے مقدمے میں گرفتار پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ شہباز گل کو اسلام آباد کچہری میں پیش کیا گیا جہاں ڈیوٹی مجسٹریٹ عمر شبیر نے کیس کی سماعت کی۔اسلام آباد پولیس کی جانب سے عدالت سے شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی۔ شہباز گل کے وکیل فیصل چوہدری نے عدالت میں جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی مخالفت کی۔

پولیس نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم شہباز گل سے موبائل فون برآمد کرنا ہے۔ ملزم جس پیپر کو دیکھ کر بول رہا تھا وہ بھی برآمد کرنا ہے۔پروگرام کس کے کہنے پر ہوا اس بارے میں بھی تفتیش کرنی ہے لہٰذا ملزم کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔اسلام آباد کی عدالت نے غداری کے مقدمے میں گرفتار پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ عدالت کی جانب سے کوہسار پولیس کو شہباز گل کو جمعہ کے روز دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں