وفاقی حکومت کا عمران خان کو بھی گرفتار کرنے کا عندیہ

متنازع بیان دینے کی ڈیوٹی شہباز گل اور فواد چودھری کی لگی، دیکھنا ضروری ہے کیا اس بیان کے پیچھے پارٹی پالیسی تھی،ان سے بڑی غلطی ہوئی ہے اور اب اسے یہ کور نہیں کر سکیں گے۔وزیر داخلہ راناثناء اللہ کا بیان

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 10 اگست 2022 16:37

وفاقی حکومت کا عمران خان کو بھی گرفتار کرنے کا عندیہ
اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 اگست 2022ء ) وفاقی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر شہباز گل کی طرف سے متنازع بیان دیے جانے کے بعد عندیہ دیا ہے کہ عمران خان کو بھی گرفتار کیا جا سکتا ہے ۔دنیا نیوز کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔متنازع بیان دینے کا فیصلہ جس اجلاس میں ہوا تمام شرکاء کے خلاف مقدمہ درج ہو گا ضرورت پیش آئی تو عمران خان کو گرفتار کریں گے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ بیان دینے کی ڈیوٹی شہباز گل اور فواد چودھری کی لگی دیکھنا ضروری ہے کیا اس بیان کے پیچھے پارٹی پالیسی تھی ،ان سے بڑی غلطی ہوئی ہے اور اب اس سے یہ کور نہیں کر سکیں گے۔خیال رہے کہ شہباز گل کو گذشتہ روز گرفتار کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

آج اسلام آباد کی عدالت نے غداری کے مقدمے میں گرفتار پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

شہباز گل کو اسلام آباد کچہری میں پیش کیا گیا جہاں ڈیوٹی مجسٹریٹ عمر شبیر نے کیس کی سماعت کی۔اسلام آباد پولیس کی جانب سے عدالت سے شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی۔ شہباز گل کے وکیل فیصل چوہدری نے عدالت میں جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی مخالفت کی۔ پولیس نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم شہباز گل سے موبائل فون برآمد کرنا ہے۔

ملزم جس پیپر کو دیکھ کر بول رہا تھا وہ بھی برآمد کرنا ہے۔پروگرام کس کے کہنے پر ہوا اس بارے میں بھی تفتیش کرنی ہے لہٰذا ملزم کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔اسلام آباد کی عدالت نے غداری کے مقدمے میں گرفتار پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ عدالت کی جانب سے کوہسار پولیس کو شہباز گل کو جمعہ کے روز دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں