مسلم لیگ ن کے رہنماء عطاء تارڑ کا پولیس کے چھاپے پر ردعمل

ہاشم ڈوگر آپ تو انتہائی غیر سنجیدہ کردار نکلے‘ ملک دشمن بیانیے کے دفاع میں اتنا آگے نہ جائیں۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی کا ٹویٹ

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 13 اگست 2022 11:00

مسلم لیگ ن کے رہنماء عطاء تارڑ کا پولیس کے چھاپے پر ردعمل
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 اگست2022ء) وزیراعظم شہباز شریف نے معاون خصوصی عطاء تارڑ نے لاہور میں ان کے گھر پولیس کے چھاپے پر ردعمل دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ لیگ ن کے رہنماء عطا اللّٰہ تارڑ نے پولیس کی جانب سے گھر پر مارے گئے چھاپے پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہاشم ڈوگر صاحب میرا خیال تھا آپ وزیر ہیں مگر آپ تو انتہائی غیر سنجیدہ کردار نکلے۔

انہوں نے کہا کہ جس گھر میں 15سال پہلے رہتا تھا وہاں پولیس بھیج کر کسی راہگیر کو ہراساں کرکے کیا ثابت کرنا چاہتے ہیں؟ یہ حال ہے آپ کا تو آپ نے خاک وزارت چلانی ہے، ملک دشمن بیانیے کے دفاع میں اتنا آگے نہ جائیں۔
خیال رہے کہ آج صبح پنجاب پولیس نے وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی عطاء تارڑ کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا، پولیس کی جانب سے عطاء تارڑ کو گرفتار کرنے کے لیے لاہور میں ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا گیا تاہم چھاپے کے وقت مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ اپنے گھر پر موجود نہیں تھے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں مسلم لیگ ن کو سابق صوبائی وزراء عطااللہ تارڑ اور ملک احمد خان کے خلاف کارروائی کا خدشہ ہے کیوں کہ پنجاب حکومت کی جانب سے 25 مئی کے واقعے میں ملوث لیگی کارکنان کے خلاف کارروائی کا عندیہ دیا گیا ہے ، مسلم لیگ ن نے اپنے کسی بھی رہنما کے خلاف کارروائی پر سخت ردعمل دینے کا فیصلہ کیا ہے، ممکنہ مقدمات اور گرفتاریوں پر سخت ردِعمل دینے کے لیے لیگی کارکنان کو تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، ایک گھنٹے کے نوٹس پر لاہور کے صوبائی حلقوں سے لیگی کارکنان اکٹھے کیے جائیں گے۔

ادھر ترجمان وزیرِ اعلیٰ پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ چھوٹو تارڑ اپنی اوقات سے بڑھ کر باتیں کرنے سے باز رہے، ا چھوٹو تارڑ کو قانون کی ڈگڈگی پر ایسا نچائیں گے کہ اس کی عقل ٹھکانے آ جائے گی،پنجاب اسمبلی میں گھس بیٹھیا بن کر اور ذو معنی اشارے کر کے عطا تارڑ نے اپنی اوقات دکھائی، یہی ذو معنی گفتگو اور غیر پارلیمانی اقدار ن لیگ کے ہر قائد کی تربیت میں شامل ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں