ممنوعہ فنڈنگ کیس،ایف آئی اے نے عمران خان کو خط لکھ کر ریکارڈ مانگ لیا

پی ٹی آئی کا 1996 سے لیکر اب تک تمام تنظیموں اور ٹر سٹ کا ریکارڈ فراہم کیا جا ئے،خط کا متن

Abdul Jabbar عبدالجبار ہفتہ 13 اگست 2022 11:05

ممنوعہ فنڈنگ کیس،ایف آئی اے نے عمران خان کو خط لکھ کر ریکارڈ مانگ لیا
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 13 اگست 2022ء ) ایف آئی اے کی جانب سے تحریک انصاف کیخلاف ممنوعہ فنڈنگ کیس کی تحقیقات جاری ہیں،ایف آئی اے نے چیئرین تحریک انصاف عمران خان کو خط لکھ کر ریکارڈ مانگ لیا۔ جیو نیوز کے مطابق خط ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون کی طرف سے لکھا گیا ہے،خط میں لکھا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کا 1996 سے لیکر اب تک تمام تنظیموں اور ٹر سٹ کا ریکارڈ فراہم کیا جا ئے،پی ٹی آئی سے رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ قومی و بین الاقوامی تنظیموں اور ٹرسٹ کا ریکارڈ مانگا گیا ہے۔

خط کے متن کے مطابق پی ٹی آئی کے تمام اکاونٹس کھولے جانے سے لیکر اب تک کی سالانہ اسٹیٹمنٹ فراہم کی جائیں،پی ٹی آئی کے تمام قومی اور بین الاقوامی ڈونرز کا ریکارڈ بھی فراہم کیا جائے، جبکہ تمام کمپنیوں اور اداروں کا ریکارڈ فراہم دیا جائےجنہوں نے تحریک انصاف کی مدد کی۔

(جاری ہے)

ایف آئی اے کی جانب سے پارٹی کے قیام سے لیکر اب تک وصول کی گئی ممبر شپ فیس کا ریکارڈ بھی طلب کیا گیا ہے۔

ادھر دو روز قبل پشاور ہائیکورٹ نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی ایف آئی اے طلبی کا نوٹس معطل کر کیا،عدالت نے اسد قیصر کی ایف آئی اے طلبی کیخلاف درخواست پر مختصر فیصلہ جاری کیا۔ عدالت نے ایف آئی اے کو آئندہ سماعت تک اسد قیصر کیخلاف انکوائری سے روک دیا،عدالت نے ایف آئی اے سے 6 سوالات کے جواب مانگ لیے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیا پولیٹکل پارٹی آرڈر 2002 ایف آئی اے کے دائر کار میں آتا ہے؟ کیا الیکشن کمیشن نے کارروائی کے لیے کوئی ہدایات جاری کی ہیں۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیا وفاقی حکومت نے ایف آئی اے کو اس کیس میں تحقیقات کا کہا ہے؟ کیا ایف آئی اے کا طلبی کا نوٹس بدنیتی اور سیاسی اثر رسوخ پر مبنی تو نہیں،کیا ایف آئی اے کے پاس کارروائی کا اختیار ہے کہ نہیں؟

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں