جب بھی ملک میں جمہوری دور آیا ترقی کے ثمرات عوام کو ملتے رہے‘قائداعظم نے کہا تھا کہ جمہوریت میں اس مٹی کا مستقبل ہے.مریم اورنگزیب

ذوالفقار علی بھٹو نے اس ملک کو آئین دیا، نواز شریف نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا، تمام اکائیوں کو کنیکٹیویٹی سے آپس میں منسلک کیا، ملک کو پہلی موٹر وے دی‘ملک کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے مسلح افواج، پولیس اور سیکورٹی اداروں کے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں.وفاقی وزیراطلات ونشریات کا پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی فیسٹول تقریب سے خطاب

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 13 اگست 2022 17:03

جب بھی  ملک میں جمہوری دور آیا ترقی کے ثمرات عوام کو ملتے رہے‘قائداعظم نے کہا تھا کہ جمہوریت میں اس مٹی کا مستقبل ہے.مریم اورنگزیب
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔13 اگست ۔2022 ) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر آج سپیکر قومی اسمبلی کی قیادت میں تمام پارلیمنٹیرینز اپنے ہیروز کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے آج جوائنٹ ڈیکلریشن پارلیمنٹ ہاﺅس میں پیش کریں گے جبکہ رات 12 بجے ڈی چوک اسلام آباد پر آتش بازی کا مظاہرہ ہوگا جو پی ٹی وی پر لائیو ٹیلی کاسٹ ہوگا اس کے علاوہ لیزر شو اور نیشنل فائر ورک کا انتظام کیا گیا ہے جبکہ پاکستان ٹیلی ویژن اور ریڈیوسمیت وفاقی وزارت اطلاعات ونشریات کے ماتحت تمام اداروں پر75ویں یوم آزادی پر خصوصی پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا.

وزارت اطلاعات، سی ڈی اے اور فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے زیر اہتمام ڈائمنڈ جوبلی فیسٹیول کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ڈائمنڈ جوبلی کی تمام تقریبات الیکٹرانک میڈیا سمیت پی ٹی وی، ریڈیو پاکستان اور ایف ایم ریڈیو پر بھی نشرکی جائیں گی. مریم اورنگزیب نے پاکستان کی 75 ویں سالگرہ پر ملک میں محبت اور برداشت کے کلچر کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی پرچم ہمارے اتحاد کی علامت ہے، ہم سب ایک ہیں، نفرت، تقسیم اور فساد پھیلانے کی ہر کوشش کو ناکام بنائیں گے، آج پوری قوم پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی منا رہی ہے، ڈی چوک ہمیشہ احتجاج کیلئے استعمال ہوا لیکن آج یہاں نوجوان، بچے اور پولیس اہلکار یوم آزادی منا رہے ہیں، جب بھی اس ملک میں جمہوری دور آیا ترقی کے ثمرات عوام کو ملتے رہے، ذوالفقار علی بھٹو نے اس ملک کو آئین دیا، نواز شریف نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا، تمام اکائیوں کو کنیکٹیویٹی سے آپس میں منسلک کیا، ملک کو پہلی موٹر وے دی، ملک کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے مسلح افواج، پولیس اور سیکورٹی اداروں کے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں.

انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کے نوجوان آج ملک کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کر رہے ہیں، مارچ پاسٹ کے لئے پولیس کے دستے بھیجنے پر وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ، وزارت داخلہ، آئی جی پولیس اور چاروں صوبوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں. انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب چاروں صوبوں کی پولیس کے دستے شاہراہ دستور پر پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی منانے کے لئے اکٹھے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج سکولوں کے بچوں نے قومی پرچم تیار کرنے کے لئے یکجہتی کا مظاہرہ کیا، آج ہمارے نوجوان اور بچے پاکستان کے لئے مر مٹنے کو تیار ہیں، یہی جذبہ 1947ءمیں تھا.


انہوں نے کہا کہ ملک کی 65 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، نوجوان اس ملک کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے وفاقی وزیر اطلاعات نے پاکستان کی مسلح افواج، پولیس اور سیکورٹی اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج، پولیس اور سیکورٹی ادارے دن رات ہماری حفاظت پر مامور ہیں.

انہوں نے کہا کہ مسلح افواج، پولیس، رینجرز اور ایف سی کے جوانوں نے ملک کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے، آج پوری قوم انہیں خراج عقیدت پیش کرتی ہے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جب بھی ملک میں جمہوری دور آیا اس کے ثمرات پاکستان کے عوام کو ملے انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے کہا تھا کہ جمہوریت میں اس مٹی کا مستقبل ہے. وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اس ملک کو آئین دیا، نواز شریف نے وفاق کی تمام اکائیوں کو کنیکٹیویٹی کے ذریعے آپس میں جوڑا، ملک کو پہلی موٹر وے دی، ذوالفقار علی بھٹو شہید کا شروع کردہ ایٹمی پروگرام پایہ تکمیل کو پہنچایا انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ہر دباﺅ کے باوجود ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا، ایٹمی پروگرام کو کامیاب بنانے کے لئے ڈاکٹر عبدالقدیر خان مرحوم سمیت تمام سائنسدانوں اور انجینئرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں.

مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہباز شریف نے صوبہ پنجاب کو ملک کی تمام صوبائی اکائیوں کے ساتھ جوڑا انہوں نے کہا کہ 2013ءسے 2018ءتک مسلم لیگ (ن) کے دور میں نواز شریف نے ملک سے لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا، ملکی ترقی کی شرح کو 6 فیصد تک پہنچایا، احتساب کے عمل کا اپنی ذات سے آغاز کیا، آج 9 سال گذرنے کے بعد بھی جمہوری قیادت سرخرو ہوئی ہے انہوں نے کہا کہ یہی وہ ثمرات ہیں جو کبھی ایٹمی قوت، کبھی آئین، کبھی فور جی کی سہولت اور کبھی یوتھ پروگرام و بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی صورت میں عوام کو جمہوری ادوار میں ملے.

وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کل 14 اگست کو ری ریکارڈڈ قومی ترانے کا افتتاح کریں گے لیاقت علی خان کے بعد وزیراعظم شہباز شریف پہلے وزیراعظم ہوں گے جنہیں یہ اعزاز حاصل ہوگا انہوں نے قومی ترانے کی ری ریکارڈنگ میں حصہ لینے والے تمام افراد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قومی ترانے کی ری ریکارڈنگ میں اسٹیئرنگ کمیٹی کے سربراہ جاوید جبار اور آئی ایس پی آر نے اہم کردار ادا کیا ہے.

انہوں نے کہا کہ قومی ترانے کی ری ریکارڈنگ میں وفاق کی تمام اکائیوں نے حصہ لیا جس پر ہم انہیں مبارکباد پیش کرتے ہیں. وفاقی وزیر اطلاعات نے ملکی ترقی میں اقلیتوں کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتوں نے پاکستان کی آزادی اور ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کیا، ان کے اس کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا انہوں نے جمہوری عمل میں ساتھ دینے والے تمام افراد کو خراج تحسین پیش کیا.

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے وزارت اطلاعات، سی ڈی اے، فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن اور وزارت داخلہ کو قومی پرچم کی پینٹنگ کی تقریب اور ڈائمنڈ جوبلی فیسٹیول کی تقریبات کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی انہوں نے کہا کہ ڈائمنڈ جوبلی کے حوالے سے پی ٹی وی تمام پروگرام دکھا رہا ہے انہوں نے ڈائمنڈ جوبلی کے حوالے سے منعقد ہونے والی تقریبات اور سرگرمیوں کو پیش کرنے پر تمام میڈیا کو بھی مبارکباد پیش کی.

انہوں نے کہا کہ اگست کا مہینہ پاکستان کے لئے ہے، عوام اپنے گھروں پر سبز ہلالی پرچم لہرائیں اور پوری دنیا کو دکھا دیں کہ پاکستانی قوم وطن عزیز کے لئے کسی بھی قسم کی قربانی دینے کو تیار ہے انہوں نے کہا کہ پاکستانی پرچم ہمارے اتحاد کی علامت ہے، ہم سب ایک ہیں، نفرت، تقسیم اور فساد پھیلانے کی ہر کوشش کو ہم ناکام بنائیں گے انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ یک آواز ہو کر یہ پیغام دیں کہ ہم پاکستانی ہیں، ہمیں پاکستانی ہونے پر فخر ہے، ہم ملک میں امن چاہتے ہیں انہوں نے کہا کہ 14 اگست کو محبت اور برداشت کے بیج بوئے جائیں جو آئندہ آنے والے سالوں میں اس بات کی گواہی دیں کہ ہم متحد ہیں.

وفاقی وزیر اطلاعات نے اس موقع پر سکول کے بچوں کے ساتھ مل کر پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات نے دن رات محنت کر کے ان تقریبات کا اہتمام کیا انہوں نے پی ٹی وی، ریڈیو پاکستان سمیت وزارت اطلاعات کے تمام اداروں، سی ڈی اے، فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن اور وزارت داخلہ کو مبارکباد پیش کی. قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے وزارت اطلاعات، سی ڈی اور فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے زیر اہتمام پاکستانی پرچم کو پینٹنگ کرنے اور ڈائمنڈ جوبلی فیسٹیول کی تقریبات میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی قوم پرچم کو پینٹگ کرنے کی تقریب میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مختلف سکولوں کے بچے شریک تھے جنہوں نے اپنے ہاتھ سے پاکستانی پرچم کی پینٹنگ کی .

تقریب میں سکولوں کے بچوں کا جوش دیدنی تھا، بچوں نے انتہائی دلچسپی سے پاکستانی پرچم کو پینٹ کیا تقریب کے آغاز میں وفاقی وزیر اطلاعات نے سکول کے بچوں کے ہمراہ پاکستان کا قومی ترانہ گنگنایا اس موقع پر ڈائمنڈ جوبلی فیسٹیول میں پولیس اور فرنٹیئر کور کے دستوں نے مارچ پاسٹ کیا پریڈ میں اسلام آباد پولیس، پنجاب پولیس، سندھ پولیس، بلوچستان پولیس، خیبر پختونخوا پولیس، آزاد کشمیر پولیس اور فرنٹیئر کور کے دستے موجود تھے۔

(جاری ہے)

پولیس فورس اور فرنٹیئر کور کے دستوں نے معزز مہمانوں کو سلامی پیش کی.

اسپیشل سیکورٹی یونٹ سندھ پولیس، کاﺅنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ، اسلام آباد پولیس کے دستوں نے بھی پریڈ میں حصہ لیا اور”اللہ ہو“ کا نعرہ بلند کرتے ہوئے سلامی کے چبوترے کے سامنے سے گذرے پریڈ کے بعد اسلام آباد پولیس کے مختلف ڈویژنز کے ٹریفک ٹرانسپورٹ فلیٹ فلیگ مارچ کرتے ہوئے سلامی کے چبوترے کے سامنے سے گذرے تقریب میں مسلم لیگ (ن) کی رہنما طاہرہ افضل تارڑ، وفاقی سیکرٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد، پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن، اسلام آباد پولیس کے اعلیٰ حکام، گلوکاروں سمیت عوام کی بڑی تعداد موجود تھی.

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں