75واں یوم آزادی؛ سبزہلالی پرچموں کی بہار‘ مزارِ قائد اور اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب

دن کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک و قوم کی سلامتی ، خوشحالی اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے دعاؤں سے ہوا ،وفاقی دارالحکومت میں31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی دی گئی

Sajid Ali ساجد علی اتوار 14 اگست 2022 10:47

75واں یوم آزادی؛ سبزہلالی پرچموں کی بہار‘ مزارِ قائد اور اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 اگست2022ء) قوم آج پاکستان کا 75واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منارہی ہے ہر طرف سبزہلالی پرچموں کی بہار ہے جب کہ مزارِ قائد اور اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق 14 اگست کا آغاز ہوتے ہی ملک بھر میں 75 ویں آزادی کا جشن بھرپور عقیدت و احترام سے منانے کا سلسلہ شروع ہوگیا اور فضا قومی نعروں اور ملی نغموں سے گونج اٹھی، دن کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک و قوم کی سلامتی ، خوشحالی اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے دعاؤں سے ہوا ،وفاقی دارالحکومت میں31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی دی گئی ، ملک بھر میں مختلف مقامات پر پرچم کشائی کی تقریبات منعقد کی جائیں گی جس میں اہم حکومتی اور سرکاری شخصیات شرکت کریں گی۔

(جاری ہے)

کراچی میں مزار قائد اور لاہور میں مزار علامہ اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، مزارِ قائد پر اعزازی گارڈ کی تعیناتی کی تقریب میں پاک نیول اکیڈمی کے نیول کیڈٹس نے اعزازی گارڈزکی ذمہ داریاں سنبھالی لیں، تقریب کے مہمان خصوصی کموڈور محمد خالد نے مزار قائد پر گلدستہ رکھا، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب پر اپنے تاثرات درج کیے۔

اعزازی گارڈز نیول اکیڈمی کے کیڈٹس اور سیلرز کے دستوں پر مشتمل ہے جن میں 48 کیڈٹس بشمول 2 فیمیل کیڈٹس اور 32 سیلرز شامل ہیں جب کہ مزار قائد میں ہو نے والی گارڈز کی تبدیلی کی تقریب میں پاک بحریہ کی تاریخ میں پہلی بارخواتین کیڈٹس نے بھی حصہ لیا۔ اسی طرح پاکستان کے 75ویں یوم آزادی کے موقع پر مزار علامہ اقبال پر بھی گارڈز کی تبدیلی کی ایک پروقار تقریب کا انعقاد ہوا، مزار اقبال پر جشن آزادی کی ہونے والی تقریب میں پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے پنجاب رینجرز سے لیکر اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔

اس کے علاوہ ملک بھر میں جشن آزادی کے سلسلہ میں سیمینارز اور دیگر تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جس میں مقررین جدوجہد آزادی کی تحریک میں دی جانے والی قربانیوں پر روشنی ڈالیں گے ، حکومتی ، سرکاری شخصیات اورپاک افواج کے افسران ،بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ اور شاعر مشرق علامہ اقبال ؒ کے مزار مبارک پر حاضری دیں گے اور پھولوں کی چادریں چڑھانے کے بعد فاتحہ خوانی کریں گے ، ملک کے مختلف مقامات پر تحریک آزادی پاکستان کے شہداء کے لئے بھی قرآن خوانی کا اہتمام کیا جائے گا ۔

دوسری جانب گلی محلوں اوربازاروں کو خوبصورت جھنڈیوں اور پرچموں سے سجا دیا گیا ، اہم سرکاری و نجی عمارگوں پر قومی پرچم لہرانے کے ساتھ چراغاں بھی کیا گیا ہے ، ملک بھر میں چھوٹے بڑے بازاروں میں ہر طرف قومی پرچموں کی بہار ہے اور بیجز ، جھنڈیوں اور قومی پرچم کی طرز پر لباس کے سٹالز پر خریداری عروج پر ہے ، تاجروں کی مختلف تنظیموں نے پاکستان کا یوم آزادی بھرپور طریقے سے منانے کے لئے تجارتی مراکز میں ملی نغموں اور قومی ترانے کی دھنیں پیش کرنے کے لئے سائونڈ سسٹم بھی لگا دئیے ہیں، جشن آزادی کے موقع پرپاکستان ٹیلی وژن ،ریڈیو پاکستان سمیت نجی ٹی وی چینلز اور ریڈیو چینلز پر خصوصی پروگرام بھی پیش کئے جائیں گے ۔

ادھر جشن آزادی کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں، وفاقی وزارت داخلہ کے احکامات کے بعد تمام صوبوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان نے سکیورٹی کے حوالے سے خصوصی انتظامات کی ہدایات جاری کر دی ہیں، اہم شہروں کے داخلی اور خارجی راستوںںپرسکیورٹی کو ہائی الرٹ کر کے چیکنگ کا نظام مزید سخت کر دیا گیا ہے، جشن آزادی کی تقریبات کے مقامات پر بھی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں