اسلام آباد ہائیکورٹ میں شہباز گل کے مزید جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر سماعت

عدالت کا فریقین کو نوٹس جاری،درخواست پر سماعت کل تک ملتوی کر دی گئی ہے

Abdul Jabbar عبدالجبار پیر 15 اگست 2022 10:38

اسلام آباد ہائیکورٹ میں شہباز گل کے مزید جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر سماعت
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین۔ 15 اگست 2022) اسلام آباد ہائیکورٹ میں شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد ہونے کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی،قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق نے کیس پر سماعت کی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد جہانگیر جدون عدالت میں پیش ہوئے،جبکہ کیس کا تفتیشی افسر بھی اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوا۔

ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد جہانگیر جدون نے بتایا کہ شہباز گل نے ٹی وی چینل پر بیان دیا،شہباز گل کے بیان کا حکومت نے سنجیدہ نوٹس لیا،اور مقدمہ درج کیا،شہباز گل کے بیان میں اداروں کو ٹارگٹ کیا گیا۔ عدالت نے ریمارکس دئیے حقیقت یہ ہے کہ آپ کی ایک نظرثانی اپیل خارج ہوئی،دوسرا فزیکل ریمانڈ ختم ہو چکا۔ وکیل راجہ رضوان عباسی کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دلائل دئیے گئے۔

(جاری ہے)

قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ سیشن کورٹ میں کتنا ریمانڈ ہوا؟ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا کہ شہباز گل کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا گیا،جوڈیشل مجسٹریٹ اور سیشن جج نے شہباز گل کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا،مجسٹریٹ اور ایڈیشنل سیشن جج کے فیصلوں کے خلاف درخواست دائر کی گئی۔ وکیل رضوان عباسی کی جانب سے کیس سے متعلق عدالتی فیصلے پڑھ کر سنائے گئے،عدالت نے استفسار کیا آپ یہ کہہ رہے ہیں کہ ملزم کا مزید فزیکل ریمانڈ ضروری ہے؟آپ نے مزید فزیکل ریمانڈ میں کیا کرنا ہے؟عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی ہے۔

واضح رہے کہ دو روز قبل رہنما تحریک انصاف شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد ہونے کیخلاف دائر درخواست سماعت کیلئے مقرر کی گئی، تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کا جسمانی ریمانڈ لینے کی درخواست مسترد ہونے کا حکم اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا،شہباز گل کا جسمانی ریمانڈ لینے کیلئے درخواست دائر کی گئی۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اور ایڈیشنل سیشن جج کے فیصلوں کیخلاف درخواست دائر کی گئی،اسلام آباد پولیس نے ایڈووکیٹ جنرل کے ذریعے درخواست دائر کی جس میں ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ،ایڈیشنل سیشن جج اور شہباز گل کو فریق بنایا گیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں