بغاوت پر اکسانے کے مقدمے میں شہباز گل کی درخواست ضمانت پر سماعت

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے پولیس سے ریکارڈ طلب کرتے ہوئے سماعت 2 بجے تک ملتوی کر دی

Abdul Jabbar عبدالجبار پیر 15 اگست 2022 11:51

بغاوت پر اکسانے کے مقدمے میں شہباز گل کی درخواست ضمانت پر سماعت
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین۔ 15اگست 2022) اسلام آباد کی سیشن عدالت میں بغاوت پر اکسانے کے مقدمے میں تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کی درخواست ضمانت پر ابتدائی سماعت ہوئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ پراسکیوٹر کی جانب سے کیس کو طویل کیا جا رہا ہے،انہیں معلوم ہے کہ ضمانت کی درخواست سماعت کیلئے آ ج لگی ہوئی ہے۔

وکیل نے استدعا کی کہ آج 1 یا 2 بجےدرخواست ضمانت پر سماعت رکھ لیں،ان کے پاس کوئی بہانہ نہیں اور نہ پختہ ثبوت لا رہے ہیں ۔پراسکیوٹر رانا حسن عباس نے بتایا کہ مجھے حکم ملا ہے پرسوں تک سماعت ملتوی کی ہے،ہمیں درخواست ضمانت کی کاپی بھی ابھی تک نہیں ملی۔ ڈی ایس پی لیگل حسن رضا نے کہا کہ ریکارڈ ہائیکورٹ میں ہے۔ عدالت نے شہباز گل کے وکیل فیصل چوہدری کو ہدایت کی کہ اگر آپ دلائل دینا چاہتے ہیں تو دلائل دے دیں،فیصل چوہدری نے کہا کہ میں دلائل دیتا ہوں تو سرکاری وکیل کی جانب سے دلائل نہیں دئیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

عدالت نے ریمارکس دئیے کہ وہ کل دلائل دے دیں گے،کل تک کیلئے وقت دے دیتے ہیں۔ اگر آپ آپس میں بیٹھ کر گفتگو کر لیں،کیا ملزم کے وکیل آج دلائل دیں گے یا نہیں؟ملزم کے وکیل نے بتایا کہ پولیس ریکارڈ پیش کر دے تو ہم دلائل دیں گے۔ عدالت نے پولیس سے ریکارڈ طلب کرتے ہوئے سماعت 2 تک ملتوی کر دی ہے ۔ واضح رہے دو روز قبل تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کی جانب سے ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست سیشن عدالت میں دائر کی گئی ،درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ حکومت نے پی ٹی آئی کے ساتھ حساب برابر کرنے کیلئے جھوٹا مقدمہ درج کیا۔

درخواست میں مزید بتایا گیا ہے کہ پولیس تفتیش کے دوران شہباز گل کیخلاف کوئی الزامات ثابت نہیں کر سکی،سیاسی مقاصد کے حصول کیلئے جھوٹی ایف آئی آر درج کی گئی۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست منظور کی جائے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں