عمران خان کی زیر صدارت پارٹی رہنمائوں کا اجلاس، شہباز گل پر تشدد کی شدید مذمت

پیر 15 اگست 2022 23:04

عمران خان کی زیر صدارت پارٹی رہنمائوں کا اجلاس، شہباز گل پر تشدد کی شدید مذمت
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2022ء) پاکستان تحریک انصاف نے شہباز گل پر تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے معاملہ عالمی سطح پر اٹھانے، ملک میں جلد الیکشن کیلئے حکومت پر دبا ئوبڑھانے ،19 اگست کو کراچی میں بڑا جلسہ کرنے ،25مئی کے کرداروں ،پولیس افسران کیخلاف قانونی چارہ جوئی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلا ت کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کی زیر صدارت پارٹی رہنمائوں کا اجلاس ہوا، اجلاس میں فواد چودھری، بابر اعوان ، شیریں مزاری، زلفی بخاری، علی امین گنڈا پور، غلام سرور، سیف اللہ نیازی سمیت دیگر رہنمائوں نے شرکت کی ۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی، اور عوامی مہم، جلسوں کے شیڈول سمیت دیگر اہم امور پر غور کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ 19اگست کو کراچی میں بڑا جلسہ کیا جائیگا ۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ جلد الیکشن کیلئے حکومت پر دبا ئوبڑھایا جائے گا اور اس کیلئے مختلف شہروں میں جلسوں کی منظوری دی گئی۔

ذرائع کے مطابق آئندہ ہفتے کے دوران راولپنڈی، کراچی، پشاور، سمیت بڑے شہروں میں جلسے ہوں گے، جبکہ عمران خان اپنی 9نشستوں پر انتخابی مہم خود چلائیں گے۔ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ 25مئی کے کرداروں اور پولیس افسران کیخلاف قانونی چارہ جوئی کی جائیگی، ذمہ داران کیخلاف قانونی چارہ جوئی کیلئے مختلف فورمز پر رجوع کیا جائے گا، قانونی ٹیم تمام کیسز کا اندراج 7 روز میں یقینی بنائیگی، واقعہ میں شامل کرداروں کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ شہبازگل پرٹارچرناقابل قبول ہے، عالمی سطح پرشہبازگل پرٹارچرکا معاملہ اٹھایا جائے گا، پوری پارٹی شہبازگل پرٹارچرکی مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نے متفقہ طور پر شہباز گل کے معاملے پر مذمت کی ہے، کوشش کی جارہی ہے انہیں اغوا کرکے پمز پہنچایا جائے، کوشش کی جارہی ہے ان کو ٹارچر کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ثنااللہ نے روایت ڈالی ہے کہ بچوں اور خواتین پر تشدد کیا جائے،شہباز گل کو یوم عاشور پر گرفتار کیا۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان نے شیری مزاری کو ہدایت کی ہے اس معاملے کو پوری دنیا میں اٹھایا جائے۔انہوں نے کہا کہ جمعرات کوپورے پاکستان میں آزادی صحافت کا دن منایا جائیگا،صحافیوں پر پاکستان کی زمین تنگ کردی گئی، ہم صحافت کی آزادی کے لیے باہر نکلیں گے،عدلیہ کوتقسیم کرنے کی پوری کوشش ہو رہی ہے، یہ مسلم لیگ (ن )کا پرانا وتیرہ ہے، پیر والے دن عدلیہ کی آزادی کا دن منائیں گے، عمران خان بار ایسوسی ایشنزسے بھی خطاب کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ دس ستمبرتک عمران خان پورے ملک میں جلسے کریں گے،عمران خان کراچی میں پہلا،دوسرا حیدرآباد میں جلسہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے لیے ملک گیرتحریک چلائی جائے گی،شہبازشریف کیساتھ معیشت پربات کرنا احمقانہ بات ہے،ان کی تباہ کن معاشی پالیسیوں کوسپورٹ کرنا جاہلیت ہوگی،صرف عام انتخابات کے فریم ورک کے علاوہ کسی قسم کی بات نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگرآپ یہ سمجھتے ہیں عمران خان جیت جائے گا تو پھر مارشل لاء لگا دیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اورفوج کے درمیان اختلافات پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی، جے یوآئی کی فارن فنڈنگ کوسامنے کیوں نہیں لایا جارہا ہے، الیکشن کمیشن پر ہمیں اعتماد نہیں، یہ تحریک کا فیصلہ کن مرحلہ شروع ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں انتخابات کے علاوہ کوئی حل نہیں،سپیکرصاحب بچوں سے خطاب کرالیا کریں ان سے زیادہ بچے عقل مند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زرداری،نوازشریف ملک کا لوٹا ہوا پیسہ واپس لائیں،25مئی میں جولوگ ملوث ان کے خلاف فیصلہ کن کارروائی ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگ ابھی تک کی کارروائی سے مطمئن نہیں، عطا تارڑ،رانا ثنا اللہ کوتفتیش میں شامل ہونا چاہیے،بند کمروں میں بیٹھ کرباتیں کرنے کا دورختم ہونا چاہیے،جوبھی بات ہوسب کے سامنے ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ کوئی بیک ڈوررابطہ نہیں ہورہا،آصف زرداری پہلے سندھ حکومت بچائیں پھرپنجاب کی طرف دیکھیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں