پولیو سےپاک پاکستان قومی مقصد ، قوم ملک سے پولیو کے خاتمے کے لئے پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کرے، وزیراعظم محمد شہباز شریف

جمعہ 19 اگست 2022 16:38

پولیو سےپاک پاکستان قومی مقصد  ، قوم ملک سے پولیو کے خاتمے کے لئے پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کرے، وزیراعظم محمد شہباز شریف
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2022ء) وزیراعظم محمدشہبازشریف نے کہا ہے کہ پولیو سےپاک پاکستان قومی مقصد ، قوم ملک سے پولیو کے خاتمے کے لئے پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کرے۔ انہوں نے ان خیالات کااظہارپولیو سے خاتمے سے متعلق قومی ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ پولیو فری پاکستان قومی مقصد ہے، پوری قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں۔

پوری قوم ڈیوٹی کے دوران شہید ہونے والے فوجیوں، پولیس کانسٹیبلوں اور پولیو ورکرز کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ وزیراعظم نے پاکستان میں پولیو وائرس کاپھیلائو روکنے کے لیے عملی اقدامات کرنے کے لیے اپنی حکومت کے مکمل عزم کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے کہا کہ موجودہ موسمی حالات ویکسی نیشن مہم کے لیے بڑے چیلنجز کا باعث ہیں، لیکن یہ دیکھنا قابل تحسین ہے کہ خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں سیلاب اور کراچی میں طوفانی بارشوں کے باوجود پولیو ٹیموں نے بھرپور کام کیا ہے۔

کراچی اور جنوبی خیبرپختونخوا کے چھ اضلاع میں انسدادپولیو کی موجودہ مہم 15 اگست سے شروع ہوئی تھی جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں پولیو ویکسینیشن مہم 22 اگست سے شروع ہوگی۔وزیراعظم نے کہاکہ حالیہ پولیو کیسز اور سکیورٹی کے تناظر میں واقعات یہ ایک آزمائش کا وقت ہے،لیکن یہ ایک چیلنج ہے جس پر ہم قابو پا سکتے ہیں اور پالیں گے۔ وزیراعظم نے کہاکہ بہت زیادہ پیچیدہ چیلنجوں والے ممالک نے بھی پولیو کا خاتمہ کر دیا ہے اور مجھے کوئی وجہ نظر نہیں آتی کہ پاکستان اس پر قابو نہ پاسکے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ تمام صوبائی حکومتیں اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کے پاس سب سے زیادہ چیلنج والے علاقوں میں بہترین لوگ موجود ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کرنے پر تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں، خاص طور پر پاک فوج اور پولیس کا شکریہ ادا کرتا ہوں، بہت سے افسران اور پولیو ورکرز نے فرائض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانیں قربان کیں۔

وزیراعظم نے بین الاقوامی امدادی اداروں اور شراکت داروں بالخصوص بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کا بھی شکریہ ادا کیا جو پاکستان میں پولیو وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مسلسل پاکستان کی مدد کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ وزیراعظم کی زیرصدارت ہونے والا پولیو سے متعلق قومی ٹاسک فورس کا یہ تیسرا اجلاس ہے۔ اپریل میں رواں سال کا پہلا پولیو کیس سامنے آنے کے فوراً بعد وزیراعظم شہباز شریف نے تمام ہائی رسک علاقوں کے ڈپٹی کمشنرز کے ہنگامی اجلاس کی صدارت کی جس میں موجودہ چیلنجز پر تبادلہ خیال اور ان سے نمٹنے کے لیے اقدامات پر غور کیاگیا۔

وزیراعظم اور دیگر شرکا نے منگل کو ٹانک میں شہید ہونے والے پولیس کانسٹیبلز اور جوانوں کے لیے فاتحہ خوانی کی۔قبل ازیں وزیراعظم نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پولیو سے پاک پاکستان ہمارا قومی مقصد ہے، بدقسمتی سے پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہے جہاں پرپولیو کے مریض ابھی تک موجود ہیں، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو پولیو کے خاتمے کےلئے مشترکہ مشن کےطور پر اقدامات کرنے چاہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ والدین سے اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں، پولیو سے پاک پاکستان ہمارا قومی مقصد ہے،سیلاب کی وجہ سے ملک کے کئی علاقوں تک رسائی منقطع ہوئی ہے اس لئے پولیو کے خلاف مہم ایک چیلنج بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے خلاف مہم میں کسی قسم کی سستی نہیں ہونی چاہئے، ہم عالمی شراکت داروں بالخصوص بل اینڈ ملینڈا گیٹس فائونڈیشن کے تعاون کے شکر گزار ہیں۔

دریں اثنا وزیراعظم نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر انسدادپولیو مہم کا آغازکرنے کے موقع پر کہاکہ وفاق اور صوبے مل کر پولیو جیسے موزی مرض کاخاتمہ کریں گے اور اپنے بچوں کامستقبل محفوظ بنائیں گے۔ وزیراعظم نے تما م پولیو ورکرز اور سکیورٹی فورسز کے جوانوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا جو خطرات مول لے کر اور اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے اپنے فرائض سرانجام دے رہےہیں۔

وزیراعظم نے کہاکہ پولیو خطرناک مرض ہے جو بچوں کو معذوری میں مبتلاکرسکتاہے اس لئے تمام والدین اپنے5 سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلوائیں اورقوم کے نونہالان کا مستقبل بنائیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پوری دنیا میں پولیو کا خاتمہ ہوچکاہے ، پاکستان میں بھی یہ مرض دم توڑ چکا تھا لیکن بدقسمتی سے بعض علاقوں میں پولیو کے دوبارہ سامنے آئے۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وفاق اور صوبے مل کر پولیو کاخاتمہ کریں گے اور اجتماعی بصیر ت اور قوت کو بروئے کارلاتے ہوئے بچوں کا مستقبل محفوظ بنائیں گے۔ وزیراعظم نے پولیو ورکرز کو خراج تحسین پیش کیا جو پاکستان کے طول و عرض میں ہر طرح کے حالات اور دشوار گزار علاقوں میں تمام رکاوٹیں عبور کرتے ہوئے بچوں کو گھر گھر جاکر پولیو کے قطرے پلا رہے ہیں۔

وزیراعظم نے اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران اپنی جانوں کی قربانی دینے والے سکیورٹی فورسز کے جوانوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ پوری قوم ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ وزیراعظم نے وفاقی وزیرصحت ، وزیراعلیٰ سندھ ، تمام صوبائی حکومتوں بشمول کشمیر و گلگت بلتستان کابھی شکریہ اداکیا کہ وہ پولیو کے خلاف مہم میں بھرپور کردار اداکررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کارخیر میں حصہ لینےوالے تمام اداروں اورتنظیموں کا بھی شکریہ اداکیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم اجتماعی کوششوں کو بروئے کار لا کر اللہ کے فضل و کرم سے اس مرض کا خاتمہ کریں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں