موجودہ چیف الیکشن کمشنر نے ادارے کو تباہ کر دیا ہے،فواد چوہدری

بجلی کے بلوں نے سفید پوش طبقے کی کمر توڑ دی ہے،دالوں اور دیگر اشیا کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا،رہنما تحریک انصاف

Abdul Jabbar عبدالجبار ہفتہ 20 اگست 2022 10:33

موجودہ چیف الیکشن کمشنر نے ادارے کو تباہ کر دیا ہے،فواد چوہدری
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اگست 2022ء) سابق وزیر اطلاعات اور تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ بجلی کے بلوں نے سفید پوش طبقے کی کمر توڑ دی ہے،دالوں اور کچن آئٹم کی قیمتوں میں بے انتہا اضافہ ہوا ہے۔ فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں حکومت پر کڑی تنقید کی اورکہا کہ ان چار مہینوں میں امپورٹڈ حکومت کی پالیسیوں نے معیشت کو تباہ و برباد کر دیا ہے۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ گھر پر نہ بیٹھیں حقیقی آزادی کی تحریک کا حصہ بنیں،اس حکومت سے نجات سے ہی پاکستان بچ سکتا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن اپنے کرتوت ٹھیک کر لیتا تو کوئی تنقید نہ کرتا،لیکن موجودہ چیف الیکشن کمشنر نے ادارے کو تباہ کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن جیسے اہم ادارے کو امپورٹڈ حکومت کی سب کمیٹی کے لیول پر لے آئے ہیں،جب تک ان کو نہیں نکالیں گے ادارے کی حیثیت بحال نہیں ہو سکتی۔

ادھر وفاقی ادارہ شماریات نے ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کر دیئے ،ملک میں مہنگائی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے، 75 سالوں میں پہلی مرتبہ ہفتہ وار مہنگائی کی شرح ہوشربا 42 فیصد سے بھی اوپر چلی گئی۔ اعدادوشمار کے مطابق ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں اضافے کے تمام ہی ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں، 75 سالوں کے دوران پہلی مرتبہ ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 40 فیصد کی سطح بھی عبور کر گئی۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق مہنگائی کی شرح میں 3.35 فیصد مزید اضافہ ہوا، حالیہ ہفتے کے دوران 25 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھ گئی، ٹماٹر، پیاز، آلو، دالیں، چکن، فی درجن انڈوں کی قیمت میں اضافہ ہو گیا، ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر کی فی کلو قیمتوں میں 18 روپے سے زائد، پیاز کی فی کلو قیمت میں 2 روپے، آلو کی فی کلو قیمت 65 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ادارہ شماریات کے مطابق زندہ مرغی کی فی کلو قیمتوں میں 19 سے زائد اضافہ ہوا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں