گرفتاری کا خدشہ،عطاءاللہ تارڑ اور رانا مشہود عدالت پہنچ گئے

مسلم لیگ ن کے رہنماوں نے حفاظتی ضمانت کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا

Abdul Jabbar عبدالجبار ہفتہ 20 اگست 2022 10:58

گرفتاری کا خدشہ،عطاءاللہ تارڑ اور رانا مشہود عدالت پہنچ گئے
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اگست 2022ء) لاہور کی مقامی عدالت کی جانب سے مسلم لیگ ن کے 12 رہنماوں کے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد گرفتاری سے بچنے کیلئے عدالت سے رجوع کر لیا گیا ہے۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی عطاء اللہ تارڑسمیت دیگر رہنما اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچ گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عطاء اللہ تارڑ سمیت دیگر رہنماوں کی بائیو میٹرک تصدیق کی جا رہی ہے جس کے بعد لیگی رہنماوں کی حفاظتی ضمانتوں سے متعلق درخواست دائر کی جا سکیں گی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز لاہور کی مقامی عدالت نے لیگی رہنماؤں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے ۔پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کا مقدمہ 12 لیگی رہنماؤں کے خلاف درج کیا گیا۔ پولیس نے ہنگامہ آرائی کیس کے سلسلے میں وارنٹ گرفتاری کے لیے عدالت سے رجوع کیا۔

(جاری ہے)

لیگی رہنماؤں پر اسمبلی میں توڑ پھوڑ،املاک کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔ مقدمے میں نامزد 12 لیگی رہنماؤں کے وارنٹ گرگرفتاری جاری کر دئیے گئے۔

پولیس نے لیگی رہنماؤں کی وارنٹ گرفتاری کے لیے درخواست دائر کی تھی۔ درخواست میں کہا گیا کہ ملزمان کو گرفتار کرکے تفتیش مکمل کرنی ہے۔ ملزمان دانستہ طور پر پیش نہیں ہو رہے،پولیس نے عدالت سے عطاء اللہ تارڑ، رانا مشہور اور اویس لغاری کی گرفتاری کی اجازت مانگ لی۔ سیف الملوک کھوکھر اور دیگر کو بھی گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ادھر وفاقی حکومت کی جانب سے شہباز گل کو گرفتار کیے جانے کے بعد پنجاب حکومت بھی متحرک ہو چکی۔

تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق کی صوبائی حکومت نے 25 مئی کے واقعات کے تناظر میں کاروائیوں تیز کر دی ہیں۔ اس سلسلے میں ایک جانب پنجاب پولیس کے اہلکاروں کیخلاف کاروائیاں کی جا رہی ہیں،تو دوسری طرف مسلم لیگ ن کے رہنماوں کیخلاف بھی ایکشن شروع کر دیا گیا ہے،صوبائی حکومت کی کارروائیوں کے بعد مسلم لیگ ن کے رہنماوں کو اپنی گرفتاریوں کا ڈر ہے،اور اسی لئے ن لیگ کے متعدد رہنما لاہور چھوڑ گئے ہیں۔ لیگی رہنماوں کی گرفتاری کی اجازت ملتے ہی پولیس ایکشن میں آ گئی۔ پولیس نے مسلم لیگ ن کے رہنما اور رکن پنجاب اسمبلی سیف الملوک کھوکھر اور مرزا جاوید کے گھروں پر چھاپے مارے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں