سینئر صحافی ایاز امیر کو گرفتار کر لیا گیا

بہو قتل کیس کے سلسلے میں عدالت نے ہفتے کے روز ملزم کے والد اور والدہ کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے

muhammad ali محمد علی ہفتہ 24 ستمبر 2022 23:57

سینئر صحافی ایاز امیر کو گرفتار کر لیا گیا
اسلام آباد (اردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین۔ 24ستمبر 2022) سینئر صحافی ایاز امیر کو گرفتار کر لیا گیا۔ اسلام آباد پولیس نے بہو کے قتل کیس کی تفتیش کے سلسلے میں سینئر صحافی ایاز امیر کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایاز امیر کو گرفتاری کے بعد تھانہ شہزاد ٹاون منتقل کر دیا گیا، جہاں پولیس ان سے سارہ قتل کیس کے سلسلے میں تفتیش کرے گی۔ ہفتے کی صبح کو سارہ قتل کیس کے سلسلے میں عدالت نے ایاز امیر اور ملزم کی والدہ کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

اسلام آباد کی عدالت نے سارہ قتل کیس میں سینیر صحافی ایاز امیر اور ان کی اہلیہ کے وارنٹ گرفتاری کی درخواست منظور کی تھی۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں اہلیہ کو قتل کرنے والے ملزم شاہنواز امیر کو پیش کیا گیا۔ شاہنواز امیر کو سول جج مبشر حسن چشتی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

جج نے ملزم سے استفسار کیا کہ آپ کو کب گرفتار کیا گیا۔ملزم نے بتایا کہ مجھے جمعے کی صبح گرفتار کیا گیا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے ملزم کے وکیل سے استفسار کیا کہ کچھ بولنا چاہتے ہیں؟۔ وکیل نے عدالت میں جواب دیا کہ قتل ہے، پہلا ریمانڈ ہے، کوئی اعتراض نہیں۔جج نے ملزم سے مکالمہ کیا کہ آپکو علم ہے آپ پر دفعہ 302 لگی۔تفتیشی افسر نے کہا کہ ملزم شاہنوار نے اہلیہ کو بے دردی سے قتل کیا۔ پولیس نے عدالت سے ملزم کا دس روز کا جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا کی، موقف اختیار کیا کہ ملزم نامزد ہے برآمدگی کرنی ہے، ملزم نے کینڈین نژاد پاکستانی اہلیہ کو بیرون ملک سے بلا کر قتل کیا۔

ملزم کے وکیل نے کہا کہ یہ قتل ابھی صرف الزام کی حد تک ہے۔ عدالت نے ملزم کے جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا پر فیصلہ سناتے ہوئے ملزم کا دورہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔ پولیس نے عدالت سے ملزم کے والدین کے وارنٹ گرفتاری کی درخواست کی۔پولیس نے استدعا کی کہ ملزم کے والد،والدہ ،چچا اور چچی کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں۔ پولیس کی جانب سے ملزم کے والدین کے وارنٹ گرفتاری کی درخواست دائر کرنے پر جج نے تفتیشی افسر سے سوال کیا کہ آپ کو کس لیے ملزم کے والدین کے وارنٹ گرفتاری چاہئیں۔بعدازاں عدالت نے ایاز امیر اور ان کی اہلیہ کے وارنٹ گرفتاری کی درخواست منظور کر لی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں