’جلد 2 روزہ دورے پر اسلام آباد آؤں گا‘ اماراتی صدر کی وزیراعظم کو یقین دہائی

شیخ محمد بن زاید آل نہیان کا شہبازشریف سے رابطہ‘ دورہ اسلام آباد کی منسوخی پر افسوس کا اظہار کیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 30 جنوری 2023 12:16

’جلد 2 روزہ دورے پر اسلام آباد آؤں گا‘ اماراتی صدر کی وزیراعظم کو یقین دہائی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 30 جنوری 2023ء ) متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے وزیراعظم شہباز شریف کو یقین دہائی کرائی ہے کہ جلد 2 دن کے دورے پر اسلام آباد آؤں گا۔ تفصیلات کے مطابق یو اے ای کے صدر نے وزیراعظم پاکستان سے رابطہ کیا، اس دوران شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے دورہ اسلام آباد کی منسوخی پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ جلد دو دن کے دورے پر اسلام آباد آؤں گا۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آپ کی سلامتی و حفاظت ہمیں زیادہ عزیز ہے، اس لیے موسم کی شدت میں پرواز کا خطرہ مول نہیں لے سکتے۔ واضح رہے کہ موسم کی خرابی کے باعث متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان کی اسلام آباد آمد منسوخ کردی گئی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان کا دورہ اسلام آباد موسم کی خرابی کے باعث منسوخ کردیا گیا، بہاولپور میں موسم کی خرابی کی وجہ سے پرواز کو اڑان کی اجازت نہیں دی گئی، محمد بن زاید آل نہیان کے دورہ اسلام آبادکی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ شیخ محمد بن زاید النہیان کی اسلام آباد آمد پر سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے تھے، ترجمان اسلام آباد پولیس نے کہا ہے کہ یو اے ای کے صدر کے دورے کے دوران وفاقی دارالحکومت کے داخلی اور خارجی راستوں، ریڈ زون اور ایکسپریس ہائی وے پر غیر معمولی سکیورٹی انتظامات کیے گئے، اسلام آباد پولیس کی جانب سے عوام کو غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی، سکیورٹی چیکنگ کے دوران بھی پولیس سے تعاون کی اپیل کی گئی۔

وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان پاکستان کے نجی دورے پر 25 جنوری کو رحیم یار خان پہنچے، ائیرپورٹ پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ان کا استقبال کیا، اس موقع پر وزیر اطلاعات و نشریات محترمہ مریم اورنگزیب، نگراں وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی اور وزیراعظم کے معاونین خصوصی سید طارق فاطمی، عطاء اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔

ائیرپورٹ پر ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا، وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کے اپنے حالیہ دورہ کا ذکر کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک متحدہ عرب امارات کے دورے کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان مختلف شعبوں میں طے پانے والے مفاہمت کے حوالے سے بھرپور کام کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں