کل ایف پی سی سی آئی میں آمریت کو ہمیشہ کیلئے دفن کر دینگے، افتخار علی ملک

اتوار 28 دسمبر 2014 16:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین۔ 28دسمبر 2014ء)یونائیٹڈ بزنس گروپ کے چیئرمین افتخار علی ملک اور سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیرنے کہا ہے کہ( کل) پیر کو ایف پی سی سی آئی میں آمریت کا سورج ہمیشہ کیلئے غروب ہو جائے گا اور ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔ الیکشن کے بعد یہ ادارہ کسی کی ذاتی جاگیر نہیں رہے گا بلکہ ملک کی تمام کاروباری برادری کا نمائندہ ہو گا جہاں ہر ایک کی آواز سنی جائے گی۔

ایف پی سی سی آئی کے قیام کا مقصد مخصوص گروہ کے بجائے تمام کاروباری برادری کے مفادات کی حفاظت ہے۔انھوں نے یہ بات کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے صدارتی امیدوار میاں ادریس، امیدوار برائے اول نائب صدر عبدالرحیم جانو اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ اب نہ ون مین شو چلے گا نہ بادشاہی بلکہ تمام فیصلے مشاورت اور کاروباری برادری کے مفاد میں ہونگے۔

ملک بھر کی کاروباری برادری کے مسائل حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔کراچی کی کاروباری برادری اور میمن کمیونٹی کی خدمات پر فخر ہے۔برامدات بڑھانے میں ایف پی سی سی آئی نے گزشتہ آٹھ سال میں صفر کارکردگی دکھائی جسے بدلا جائے گا اور بیرون ملک جانیوالے وفودمیں سیر و تفریح کے بجائے حقیقی بزنس مینوں کو بھیجا جائیگا۔ادارے کا کھویا ہوا وقار بحال کیا جائیگا ۔

انھوں نے حکومت سے دہشت گردی کیخلاف جنگ کے بعد سرکاری و نجی اداروں میں کرپشن کے خلاف جنگ شروع کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور فوج ہماری آنے والی نسلوں کیلئے ایک بہتر پاکستان کی بنیاد رکھ رہی ہیں ان سے بھرپور تعاون کرینگے۔دہشت گردوں کو اگر سزائے موت نہ دی جائے تو کیا تمغے دئیے جائیں یورپی یونین اور اقوام متحدہ کو اگر دہشت گردوں سے اتنی ہمدردی ہے تو انھیں ساتھ لے جائیں جو احسان ہو گا۔ہم بیس سال سے مہمان نوازی کر کے تھک چکے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں