ماضی میں خصوصی فوجی عدالتیں جمہوریت کے خاتمے کیلئے اب اسے بچانے اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے قائم کی جائینگی‘ پرویز رشید

اتوار 28 دسمبر 2014 16:34

اسلام آباد/لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین۔ 28دسمبر 2014ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ ماضی میں خصوصی فوجی عدالتیں جمہوریت کے خاتمے کیلئے قائم کی گئیں لیکن اب یہ عدالتیں جمہوریت کو بچانے اور دہشتگردی کے خاتمے کے لئے قائم کی جائیں گی،بندوق کے ذریعے ایجنڈے کا نفاذ ہرگز قبول نہیں ، آئندہ نسلوں کو وحشی جانوروں سے بچانے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے ، اگر آج خوفزدہ ہو گئے تو دہشتگرد اس ملک کو قبرستان بنا دیں گے۔

اپنے ایک بیان میں پر ویز رشید نے کہا کہ امن و استحکام اس خطے کا مشترکہ اثاثہ ہے اور ہمیں کابل کا امن بھی اتنا ہی عزیز ہے جتنا اسلام آباد کا ،افغانستان میں امن پاکستان کے لئے اہم ہے۔افغانستان کو دہشتگردوں کے خلاف پاکستان کا ہم خیال بنانے میں وزیراعظم نواز شریف نے اہم کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

پاکستان اور افغانستان مل کر دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑیں گے۔

پرویز رشید نے کہا کہ بعض عناصر کی جانب سے بندوق کے زور پر ایجنڈا مسلط کرنا نا قابل قبول ہے۔ ماضی میں خصوصی فوجی عدالتیں جمہوریت کے خاتمے کیلئے قائم کی گئیں لیکن اب یہ عدالتیں جمہوریت کو بچانے اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے قائم کی جائیں گی۔ہمارا واسطہ بندوق کے زور پر ایجنڈا نافذ کرنیوالے عفریت سے پڑا ہے ،تاہم بندوق کے ذریعے ایجنڈے کا نفاذ ہرگز قبول نہیں ، ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کو ان وحشی جانوروں سے بچانا ہے ۔

اس کے لئے جانیں قربان کرنے سے بھی دریغ نہیں کریں گے ، اگر آج خوفزدہ ہو گئے تو دہشتگرد اس ملک کو قبرستان بنا دیں گے جو انشا اللہ کبھی نہیں ہوگا ۔ ان کا کہنا ہے کہ جمہوریت اور دہشت گردی متضاد چیزیں ہیں ۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ عمران خان پارلیمنٹ میں واپس آئیں گے اور جمہوریت کو ہمارے ساتھ مل کر مستحکم بنائیں گے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں