پاک فضائیہ کی دو نئی کتب کی تقریب ِ رونمائی،ائیر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ مہمانِ خصوصی تھے،

مستقبل کی ضروریات کیساتھ ساتھ ہم اپنے آباؤاجداد کی ماضی میں دی گئی قربانیوں سے غافل نہیں ہو سکتے، پاک فضائیہ کے آغاز سے ہی ہم ہر امتحان کی گھڑی میں کامیاب اور کامران رہے ہیں۔ قوم اپنے بہادر بیٹوں کو سلام پیش کرتی ہے،طاہر رفیق بٹ

پیر 29 دسمبر 2014 20:08

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29دسمبر 2014ء) پاک فضائیہ کی دو نئی کتب جن کے نام "پاک فضائیہ کی تاریخ (1999-2013) اور "Sentinels in the Sky"کی تقریب رونمائی ائیر ہیڈ کوارٹرز ، اسلام آبادمیں منعقد ہوئی ۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ اس موقع پر مہمانِ خصوصی تھے۔ اس تقریب میں پاک فضائیہ کے حاضر اور ریٹائرڈ افسران ، سا بقہ ائیر چیفس، شہدا کے خاندان اور جنگی ہیروز کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ائیر چیف نے کہاکہ مستقبل کی ضروریات کے ساتھ ساتھ ہم اپنے آباؤاجداد کی ماضی میں دی گئی قربانیوں سے غافل نہیں ہو سکتے۔ ہمارے عظیم ہیروز نے مادرِوطن کی فضائی سرحدوں کی حفاظت کرتے ہوئے جو غیر معمولی قربانیاں دی ہیں وہ ہمیشہ ہمارے لئے مشعل ِراہ ہیں ۔

(جاری ہے)

پاک فضائیہ کے آغاز سے ہی ہم ہر امتحان کی گھڑی میں کامیاب اور کامران رہے ہیں۔

قوم اپنے بہادر بیٹوں کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے یا تو شہادت کا بلند مقام پایا یا غازی کے طو ر پر گھر واپس لوٹے۔ یہ تمام ہیروز ہمارے احترام اور تشکر کے مستحق ہیں۔ ائیر چیف نے مزید کہا کہ ہماری بہترین تاریخ میں گذشتہ پندرہ سال کے دوران ہم نے اپنے پرانے ہتھیاروں کو بدلنے اور مستقبل کی فضائی قوت کے چیلنج سے نمٹتے ہوئے ایک جدید جنگی طاقت میں تبدیل ہو کر پاک فضائیہ کی کایا پلٹ دی ہے۔

اپنے پیش روؤں کی ماہرانہ قیادت میں پاک فضائیہ نے ہر طرح کے چیلنج سے مقابلہ کیا اور اسے 21ویں صدی کی جدید فضائی فوج میں تبدیل کر دیا۔ اس عرصے کے دوران پاک فضائیہ کی قیادت اپنی پیش روؤں کی قیادت کی کامیابیوں کے تسلسل کو مدِنظر رکھتے ہوئے فضائی قوت حاصل کی۔ اور ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ موجودہ دور میں پاک فضائیہ پہلی فضائی فوج ہے جو کہ جنگی طیاروں کی مشترکہ پیداوار کر رہی ہے۔

اس موقع پر جنگی ہیروز اور شہدا کے خاندانوں نے پاک فضائیہ کی اس کاوش کو بہت سراہا کہ پاک فضائیہ نے ان کی قربانیوں کو یاد رکھا۔ انہوں نے اپنے اعزاز میں ایک یادگار تقریب کے انعقاد پر ائیر چیف کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ ہماری زندگی کا حصہ رہے گی۔پاک فضائیہ کی تاریخ "Entering the New Cenetury"پاک فضائیہ کی تاریخ کے سلسلے کی چوتھی کاوش ہے جو کہ 1999 - 2013کے عرصہ پر محیط ہے۔

1998 ء تک کی تاریخ پہلے ہی تین جلدوں میں محفوظ ہے۔ یہ کتاب ائیر کموڈور (ریٹائرڈ) قدیر ہاشمی نے تحریر کی ہے جو کہ ائیر ہیڈکوارٹرز میں ڈائریکٹرمیڈیا افیئرز کے طور پر خدمات سر انجام دے چکے ہیں۔ معاون مصنف کے طور پر آپ پہلے پاکستان ائیروناٹیکل کمپلیکس ، کامرہ کی تاریخ کی مشہور کتاب "The Aviation City" تحریر کر چکے ہیں۔ "Sentinels in the Sky" پاک فضائیہ کے غازیوں اور شہداء کے ایسے بہادرانہ کارناموں کا خلاصہ ہے جو کہ انہوں نے 1965ء اور 1971ء کی پاک بھارت جنگوں کے دوران انجام دے کر بہادری کے تمغے حاصل کئے۔

یہ کتاب کرنل (ریٹائرڈ) اعظم قادری اور گروپ کیپٹن محمد علی کی مشترکہ تحریر ہے۔کرنل (ریٹائرڈ) اعظم قادری نے پاک فوج میں پچیس سالہ شاندار کیریئر گزارا۔ مصنف کے طور پر آپ نے میجر شبیرشریف شہید (نشانِ حیدر) پر ایک کتاب "What More Can A Soldier Desire" بھی تحریرکی۔ معاون مصنف گروپ کیپٹن محمد علی پاک فضائیہ کے حاضر سروس افسر ہیں جو کہ پچیس سال سے پاک فضائیہ میں خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ ان کی سابقہ علمی کاوشوں کے طور پر انہوں نے کئی قومی اور بین الاقوامی مجلات اور رسائل میں کئی مضامین تحریر کئے ہیں۔تقریب کے اختتام پر معزز مہمانِ خصوصی نے سابقہ پاک فضائیہ کے سربراہوں کو کتاب پیش کیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں