سانحہ پشاور کی آڑ میں مدارس پرچھاپوں اور علماء کی گرفتاریوں پر اظہار تشویش،

اصل مجرموں کو بے نقاب کرنے کی بجائے سارا نزلہ مدارس پر گرانا کہاں کی عقلمندی ہے ؟ سمیع الحق، دینی مدارس کودہشت گردی کے ساتھ منسلک کرنے کی سازش عالمی استعمارکے ایجنڈے کا حصہ ہے،جماعت اسلامی کے وفد سے گفتگو

پیر 29 دسمبر 2014 20:11

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29دسمبر 2014ء) جمعیت علمائے اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے سانحہ پشاور کی آڑ میں مدارس پرچھاپوں اور علماء کی گرفتاریوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اصل مجرموں کو سزا دینے اور بے نقاب کرنے کی بجائے سارا نزلہ مدارس پر گرانا کہاں کی عقل مندی ہے ؟ دینی مدارس کے نظام او رنصاب کو ہدف تنقید بنا کر انہیں دہشت گردی کے ساتھ منسلک کرنے کی سازش عالمی استعمارکے ایجنڈے کا حصہ ہے، جماعت اسلامی کی جانب سے کانفرنس کا انعقا د مستحسن اقدام ہے۔

جمعرات کے روز جماعت اسلامی کا ایک اعلیٰ سطحی وفد نے بحراللہ خان کی سربراہی میں سابق صوبائی وزیر حافظ حشمت خان سابق ایم پی اے کاشف اعظم اور امداد خان خلیل کے ہمراہ جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا سمیع الحق سے ان کی رہائش گاہ اکوڑہ خٹک میں ایک گھنٹہ تک تفصیلی ملاقات کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جمعیت کے صوبائی امیر مولانا سید محمد یوسف شاہ بھی موجود تھے۔

وفد نے یکم جنوری کو جماعت اسلامی کے زیراہتمام نشتر ہال پشاور میں منعقدہ شہداء امن کانفرنس کا دعوت نامہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق صاحب کی طرف سے پہنچایا گیا۔ مولانا سمیع الحق نے کانفرنس میں شرکت کی دعوت قبول کی اور کانفرنس کا انعقاد بروقت اور مستحسن اقدام قرار دیا، ملاقات میں سانحہ پشاور کی آڑ میں مدارس پرچھاپوں اور علماء کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کی گئی اور کہاکہ مدارس دینیہ نے ملک کی بقاء استحکام اور سلامتی کے لئے ہمیشہ مثبت رول ادا کیا ہے۔

اصل مجرموں کو سزادینے اور بے نقاب کرنے کی بجائے سارا نزلہ مدارس پر گرانا عقل سے بالاتر ہے۔ سانحہ پشاور کی مذمت سب سے زیادہ مدارس نے کی ہے۔ حکومت اصل سازشی عناصر اورسانحہ کے مجرموں کو عوام کے سامنے بے نقاب کریں۔ ملاقات میں اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ دین دشمن قوتوں ،سیکولر سیاستدانوں اور نام نہاد دانشوروں نے اپنا تمام تر بے بنیاد الزامات کا رخ مدارس علماء اور طلباء کی طرف موڑنے کی کوشش کررہے ہیں جو حکومت کے خلاف ایک بہت بڑی سازش ہے۔ دینی مدارس کے نظام او رنصاب کو ہدف تنقید بنا کر انہیں دہشت گردی کے ساتھ منسلک کرنے کی سازش عالمی استعمارکے ایجنڈے کا حصہ ہے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں