شدید زلزلے کے باعث اسلام آباد کی کچھ عمارتوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات

سیکٹر ای 11 میں واقع رہائشی فلیٹس کی دیواروں میں دراڑیں پڑ گئیں، سیکٹر ایف 10 میں پاک ٹاور کو بھی زلزلے سے نقصان پہنچنے کی اطلاعات

muhammad ali محمد علی بدھ 22 مارچ 2023 00:09

شدید زلزلے کے باعث اسلام آباد کی کچھ عمارتوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 مارچ2023ء) شدید زلزلے کے باعث اسلام آباد کی کچھ عمارتوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کے شب آنے والے شدید زلزلے اور آفٹر شاکس کے باعث وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی کچھ عمارتوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ جیو نیوز کے مطابق منگل کی رات آنے والے شدید زلزلے کے بعد اسلام آباد کے سیکٹر ای 11 میں واقع رہائشی فلیٹس کی دیواروں میں دراڑیں پڑ گئیں۔

عمارت میں دراڑیں پڑنے کے بعد رہائشیوں کو عمارت سے نکال لیا گیا، حکام عمارت کا جائزہ لے رہے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد کے سیکٹر ایف 10 میں بھی واقع ایک عمارت کو زلزلے کے جھٹکے سے نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔ جبکہ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کے مطابق اسلام آباد میں خداداد ہایئٹس میں دراڑیں پڑنے کی اطلاعات ہیں۔

(جاری ہے)

مذکورہ عمارتوں کی ریسکیو اور ایمرجنسی مینجمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی ٹیمیں جانچ پڑتال کر رہی ہیں۔ تاہم اسلام آباد میں اب تک کسی قسم کے جانی و مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ دوسری جانب ملک میں منگل کی شب کو آنے والے شدید زلزلے کے 1 گھنٹے بعد وفاقی دارالحکومت میں دوبارہ زلزلہ محسوس کیا گیا۔ جیو نیوز کے مطابق اسلام آباد میں آفٹر شاکس نے خوف و ہراس پھیلا دیا، تاہم اس زلزلے کی شدت زیادہ نہیں تھی۔

اسلام آباد میں محسوس کیے جانے والے آفٹر شاکس کی شدت ساڑھے 3 سے زائد بتائی گئی ہے۔ جبکہ شدید زلزلے کے باعث خیبرپختوںخواہ کے مختلف علاقوں میں درجنوں مکانات تباہ ہو گئے۔ گھروں کی دیواریں گرنے، مکانات تباہ ہونے سے ایک خاتون جاں بحق، درجنوں افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ خیبرپختونخواہ کے 5 اضلاع سے مکانات تباہ ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

جبکہ زلزلے کے باعث کوہستان میں لینڈ سلائڈنگ بھی ہوئی، جس سے شاہراہ قراقرم بلاک ہو گئی۔ واضح رہے کہ پاکستان منگل کی رات کو خوفناک زلزلے سے بری طرح لرز کر رہ گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تقریباً پورے ہی ملک میں انتہائی زیادہ شدت کا زلزلہ آیا۔ اسلام آباد، پنجاب، بلوچستان، خیبرپختونخواہ، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان میں منگل کی رات زمین بری طرح لرز گئی۔

لاہور، اسلام آباد، مظفر آباد، کوہاٹ، صوابی، کوئٹہ، راولپنڈی، پشاور، سوات، ایبٹ آباد، کوہاٹ، فیصل آباد، ملتان، میانوالی، خانیوال، سرگودھا، چشتیاں، اکردو، چلاس، مردان، باجوڑ، لکی مروت، نارووال سمیت ملک کے بیشتر شہروں میں شدید زلزلہ آیا۔ خوفناک زلزلے کے باعث خوف و ہراس پھیل گیا، لوگ کلمہ طیبہ کی صدائیں بلند کرتے گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔

جیو نیوز کے مطابق زلزلہ پیما مرکز نے زلزلے کی شدت 7.7 ، زلزلے کا مرکز افغانستان کا علاقہ بتایا جا رہا ہے۔ جبکہ محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق زلزلے کی شدت 6.8 سے 7.7 کے درمیان تھی۔ زلزلے کی گہرائی 180 کلومیٹر بتائی گئی ہے۔ اس حوالے سے بین الاقوامی میڈیا کے مطابق پاکستان کے علاوہ خطے کے دیگر ممالک میں بھی شدید زلزلہ آیا ہے۔ چین، بھارت، ازبکستان، کرغزستان، افغانستان میں بھی زلزلہ آیا۔ تاہم شدید زلزلےکے بعد ملک بھر کے ہسپتالوں کو الرٹ کر دیا گیا، دیگر متعلقہ ادروں کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی گئی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں