عمران خان کیخلاف مقدمات،ایف آئی اے اور اسلام آباد پولیس کی حد تک تفصیلات طلب

آپ نے درخواست دائر کر رکھی ہے کہ غیر قانونی گرفتاری روکیں،کیا میں کہہ دوں غیر قانونی نہیں تو قانونی گرفتار کر لیں؟ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے ریمارکس

Abdul Jabbar عبدالجبار پیر 27 مارچ 2023 11:32

عمران خان کیخلاف مقدمات،ایف آئی اے اور اسلام آباد پولیس کی حد تک  تفصیلات طلب
اسلام آباد (اردو پوائنٹ،تازہ ترین اخبار ۔ 27 مارچ 2023ء) عمران خان کیخلاف مقدمات کی تفصیلات فراہمی کا کیس،عدالت نے ایف آئی اے اور اسلام آباد پولیس کی حد تک مقدمات کی تفصیلات طلب کر لیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں عمران خان کیخلاف مقدمات کی تفصیلات فراہمی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی،چیف جسٹس عامر فاروق نے کیس پر سماعت کی۔

پی ٹی آئی کے وکیل فیصل فرید نے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے کل کے بیان کی کاپی عدالت میں پیش کی اور کہا کہ صورتحال یہ ہے یہاں ضمانت کرا کے نکلتے ہیں اور جعلی مقدمے میں لوگوں کو اٹھا لیا جاتا ہے۔ چیف جسٹس نے قرار دیا کہ آپ نے درخواست دائر کر رکھی ہے کہ غیر قانونی گرفتاری روکیں،کیا میں یہ کہہ دوں غیر قانونی نہیں تو قانونی گرفتار کر لیں؟ اپنے مؤکل کے ساتھ یہ نہ کریں،میں صرف اس عدالت کے دائرہ اختیار تک احکامات دے سکتا ہوں،وکیل نے کہا کہ ماضی میں اسی عدالت نے نواز کی صحت کی ضمانت مانگی۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے قرار دیا کہ میں کسی ایسی چیز میں نہیں جانا چاہتا،بائی بک ہی چلتا ہوں۔ وکیل نے کہا کہ ابھی میں عدالت آ رہا تھا کہ انہیں روکا گیا،ہمارے لیے پارکنگ بھی بند کر دی گئی۔ عدالت نے ایف آئی اے اور اسلام آباد پولیس کی حد تک عمران خان کیخلاف مقدمات کی تفصیلات کل فراہم کرنے کی ہدایت کر دی،عمران خان کیخلاف مقدمات کی تفصیلات فراہمی سے متعلق درخواست پر سماعت کل تک ملتوی کر دی گئی۔

یاد رہے کہ عمران خان خان جوڈیشل کمپلیکس میں پیشی کیلئے زمان پارک سے روانہ ہو چکے ہیں،عمران خان ممکنہ طور پر جوڈیشل کمپلیکس میں توڑپھوڑ کے مقدمات میں ضمانت کیلئے رجوع کریں گے،ترجمان اسلام آباد پولیس نے کہا ہے کہ عمران خان کی ممکنہ عدالت پیشی سے متعلق کوئی اطلاع نہیں،اسلام آباد پولیس عدالتی احکامات کی روشنی میں ہی سکیورٹی انتظامات کرے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں