رانا ثناء اللہ کا دماغ خراب ہو گیا ہے اس کا انجام برا ہو گا،شیخ رشید

ہماری اداروں سے کوئی لڑائی نہیں صرف الیکشن چاہتے ہیں،ملک میں غنڈہ گردی عروج پر ہے لیکن جیت ہماری ہی ہو گی،سربراہ عوامی مسلم لیگ

Abdul Jabbar عبدالجبار پیر 27 مارچ 2023 12:30

رانا ثناء اللہ کا دماغ خراب ہو گیا ہے اس کا انجام برا ہو گا،شیخ رشید
اسلام آباد (اردو پوائنٹ،تازہ ترین اخبار ۔ 27 مارچ 2023ء) سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ رانا ثناء اللہ کا دماغ خراب ہو گیا ہے،اس کا انجام برا ہو گا،وہ بدمعاش اور اجرتی قاتل کی طرح للکار رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم انتخابات چاہتے ہیں،وہ چاہیے اکٹھے ہو جائیں یا الگ الگ،ہم اداروں کے ساتھ الیکشن کی تاریخ پر صلح رکھنا چاہتے ہیں۔

اداروں کے ساتھ کوئی لڑائی نہیں،لڑائی ان سے ہے جو ملک کی دولت لوٹ کر باہر لے گئے،لڑائی اس حد تک ہے کہ چاہتے ہیں الیکشن کی تاریخ دے دیں۔ انہوں نے وزیر داخلہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ رانا ثناء اللہ جو خانہ جنگی کر رہے ہیں اس کی بھینٹ وہ خود چڑھیں گے،پارٹیاں ختم نہیں ہوتیں۔

(جاری ہے)

ملک میں بدمعاشی اور غنڈہ گردی ہو رہی ہے لیکن جیت ہماری ہی ہو گی،عمران خان کیخلاف سیکڑوں کیسز ہیں اور میرے کیخلاف بھی کیس ہیں،یہ چاہتے ہیں 8 اکتوبر کو صدر عارف علوی نہیں ہوں گے۔

قبل ازیں سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ اصل خوف عمران خان کی مقبولیت ہے باقی سب بہانے ہیں،انگریز نے 1940 میں مینار پاکستان پر پابندی نہیں لگائی ان کے ایجنٹوں نے نہ صرف کنٹینر لگائے بلکہ سارے راستے سیل کر دیئے مگر اس کے باوجود میلوں سفر کر کے لوگ جلسہ گاہ پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے ادھار تیل کی سہولت 8 ماہ میں ہی ختم کر دی ہے،یو اے ای منہ نہیں لگا رہا،شدید معاشی بحران دروازے پر آگیا ہے۔

جو یہ سوچ رہے ہیں کہ ہم سب ٹھیک کر لیں گے وہ ملک کو خانہ جنگی کی طرف لے کر جا رہے ہیں،ملک نے آئین کے ساتھ چلنا ہے یا بدمعاشوں کے ساتھ اس کا فیصلہ سپریم کورٹ نے کرنا ہے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ آئی ایم ایف تو کیا جنیوا ڈونر کانفرنس سے بھی کچھ نہیں مل رہا،آٹے کے لیے زندگی موت کی لائن لگی ہوئی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں