عمران خان رویہ نہیں بدلے گا تو ہمیں اینٹ کا جواب پتھر سے دینا ہوگا، رانا ثنا اللہ

یہ حکومت میں تھے تو کہتے رہے کہ اختیار ہو تو 500 افراد کو پھانسی لگا دیں گے، جب وہ کہیں گے کہ ہم نہیں رہیں گے تو پھر ہم کوشش کریں گے کہ یہ نہ رہیں، وزیر داخلہ

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری منگل 28 مارچ 2023 00:00

عمران خان رویہ نہیں بدلے گا تو ہمیں اینٹ کا جواب پتھر سے دینا ہوگا، رانا ثنا اللہ
اسلام آباد (اردو پوائنٹ،تازہ ترین اخبار ۔ 27 مارچ 2023ء ) وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان رویہ نہیں بدلے گا تو ہمیں اینٹ کا جواب پتھر سے دینا ہوگا۔ انہوں نے نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت میں تھا تو کہتا رہا کہ اختیار ہو تو 500 افراد کو پھانسی لگا دوں، جب وہ کہیں گے کہ ہم نہیں رہیں گے تو پھر ہم کوشش کریں گے کہ یہ نہ رہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم پہلے بھی مطالبہ کرچکے ہیں کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیوں میں انتخابات کی تاریخ کے کیس میں فُل کورٹ بیٹھے اور فیصلہ کرے۔ رانا ثناءاللّٰہ نے کہا کہ ہمیں کہا جاتا ہے میں آ رہا ہوں، چھوڑوں گا نہیں، تمہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، جب عمران خان کی سیاست یہی ہے تو پھر کیا ہم چھوڑ کر بھاگ جائیں؟ وزیر داخلہ نے کہا کہ جب وہ کہیں گے کہ ہم نہیں رہیں گے تو پھر ہم کوشش کریں گے کہ یہ نہ رہیں۔

(جاری ہے)

ایک پارٹی کا سربراہ روز کہانی گھڑ کر آجاتا ہے کہ پانچ لوگ داخل ہوں گے قتل کریں گے، ان کی دھمکیاں کب تک کوئی برداشت کرے گا آخرکار جواب ملے گا۔ رانا ثناءاللّٰہ نے کہا کہ کیا ہم نے کہا کہ یہ چور ڈاکو ہے اس کو چھوڑیں گے نہیں؟ جب کسی پر ایسا مقدمہ بنایا جائے جس کی سزا موت ہو تو کیا اس کو سمجھ نہیں آئے گی، پوری پارلیمنٹ انتظار کرتی رہی اس شخص نے کہا کیا میں ان چوروں سے بات کروں؟ انہوں نے مزید کہا کہ آرمی چیف سابق وزیراعظم کی منتیں کرتے رہے وہ اپوزیشن سے نہیں ملے، باجوہ کا کردار پوری دنیا کے سامنے ہے ہم بالکل مذمت کرتے ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ حکومت میں تھا تو کہتا رہا کہ اختیار ہو تو 500 افراد کو پھانسی لگا دوں۔ رانا ثناءاللّٰہ نے مزید کہا کہ ہمارا مطالبہ فل کورٹ کا ہے، فل کورٹ بیٹھ کر فیصلہ کرے، فل کورٹ بیٹھ کر دیکھے کہ اسمبلیاں قانونی طریقے سے ختم ہوئی یا ایک شخص کی انا کی وجہ سے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں