وزیراعظم کا ترک صدر کو ٹیلیفون، دورہ پاکستان کی دعوت دے دی

آپ کا دوبارہ انتخاب ترکیہ کے عوام سے وابستگی اور مثالی خدمت کا اعتراف ہے، وزیراعظم شہباز شریف کی ٹیلی فونک گفتگو

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری پیر 29 مئی 2023 23:44

وزیراعظم کا ترک صدر کو ٹیلیفون، دورہ پاکستان کی دعوت دے دی
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 29 مئی 2023ء) وزیراعظم شہباز شریف کا ترک صدر کو ٹیلیفون، دورہ پاکستان کی دعوت دے دی۔ ٹیلیفونک گفتگو میں شہباز شریف کا کہنا تھاکہ آپ کا دوبارہ انتخاب ترکیہ کے عوام سے وابستگی اور مثالی خدمت کا اعتراف ہے، ترکیہ نے گزشتہ دو دہائیوں میں آپ کی قیادت میں نمایاں ترقی کی ہے اور یقین ہے آپ کی قیادت میں ترکیہ ترقی اور خوشحالی کا سفر اسی رفتار سے جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ یقین ہے ترکیہ خطے اور اسلامی دنیا میں امن واستحکام کیلئے مؤثر کردار ادا کرتا رہے گا، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان خصوصی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے میں آپ کی ذاتی وابستگی باعث اطمینان ہے، برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے آپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے پُرعزم ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے ترک صدر کو پاکستان کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی اعلیٰ سطح اسٹریٹیجک کوآپریٹو کونسل کے7 ویں اجلاس کے جلد انعقاد کے خواہاں ہیں اور اجلاس میں شرکت کیلئے آپ کی پاکستان آمد کے منتظر ہیں، آپ کا دورہ دونوں ممالک کی اسٹریٹیجک شراکت داری کے مزید فروغ کا باعث ہوگا۔

اعلامیے کے مطابق طیب اردوان نے وزیراعظم سے اظہار تشکر کیا اور خیرسگالی کے گرمجوش جوابی جذبات کا اظہار بھی کیا۔ صدر اردوان نے پاکستان کی حکومت اور عوام کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز ترکیہ کے صدارتی انتخاب کے دوسرے مرحلے میں کامیابی حاصل کرکے رجب طیب اردوان دوبارہ صدر منتخب ہوئے۔ اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد و سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے رجب طیب اردوان کو ترکیہ کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں نواز شریف نے کہا کہ میرے بھائی رجب طیب اردوان کو ترکیہ کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد، رجب طیب اردوان کی تاریخی کامیابی ترکیہ کے عوام کا ان پر مسلسل اعتماد کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ یقین ہے کہ صدر اردوان کی قیادت میں ترکیہ مزید ترقی کرے گا، پاکستان اور ترکیہ برادر ملک ہیں جو دو طرفہ مضبوط تعلقات رکھتے ہیں آنے والے برسوں میں پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں