ہمیں قربانی کی اصل روح کو سمجھ کر عملی زندگی میں ایثار و قربانی کا مظاہرہ کرنا چاہیے، صدر زرداری

عید الاضحیٰ کے مبارک اور پُرسعید موقع پر پوری پاکستانی قوم اور عالم اسلام کو مبارکباد، اللہ تعالی کے حضور دعا گو ہوں یہ بابرکت موقع پورے عالم اسلام اورپاکستان کیلئے رحمتیں اور خوشیاں لائے۔ عید قربان کا پیغام

Sajid Ali ساجد علی اتوار 16 جون 2024 20:13

ہمیں قربانی کی اصل روح کو سمجھ کر عملی زندگی میں ایثار و قربانی کا مظاہرہ کرنا چاہیے، صدر زرداری
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 جون 2024ء ) صدر مملکت آصف علی زرداری نے عید الاضحیٰ کے مبارک اور پُرسعید موقع پر پوری پاکستانی قوم اور عالم اسلام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں اللہ تعالی کے حضور دعا گو ہوں کہ یہ بابرکت موقع پورے عالم اسلام اورپاکستان کیلئے رحمتیں اور خوشیاں لائے، عیدالاضحیٰ ہمیں اللہ تعالیٰ کے دو برگزیدہ پیغمبر وں حضرت ابراہیم ؑ اور حضرت اسماعیل ؑ کی تسلیم و رضا کی یاد دلاتی ہے۔

ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ اللہ تعالی نے جب ان عظیم شخصیات کو آزمائش سے گزارا تو دونوں نے رضائے الٰہی کے حصول کیلئے سر تسلیم ِخم کر دیا، قربانی کا یہ عمل اللہ تعالی کی بارگاہ میں اس قدر مقبول ہوا کہ امتِ محمدیہ ﷺ پر قربانی کی اس عبادت کو لازم قرار دے دیا، نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ اللہ تعالی کے نزدیک سب سے عظیم دن قربانی کا ہے، اس میں ہمارے لیے یہ درس ہے کہ آزمائش اور امتحان کی صورتحال میں ثابت قدم رہنا اور اللہ تعالیٰ کی اطاعت اور فرمانبرداری ہی کامیابی کی کنجی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عید الاضحیٰ کے اس موقع پر پوری پاکستانی قوم کو اس عزم کا اعادہ کرنا چاہیے کہ ہم اخوت، ایثار، محبت اور اخلاص سے سرشار ہو کر اپنے ارد گرد ضرورت مند لوگوں کی مدد کریں گے، ہمیں قربانی کی اصل روح کو سمجھ کر اپنی عملی زندگی میں ایثار و قربانی کا مظاہرہ کرنا چاہیے، اس عید الاضحٰی پر اپنے قرب و جوار میں قربانی کی استطاعت نہ رکھنے والے لوگوں کو بھی عید کی خوشیوں میں شامل کریں، میں اللہ تعالیٰ کے حضور دعا گو ہوں کہ وہ پوری امت مسلمہ بالخصوص پاکستان پر اپنی ڈھیروں برکتیں اور رحمتیں نازل فرمائے، اللہ تعالیٰ ہم سب کا حامی و ناصر ہو، آمین!

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں