بیرونی فنانسنگ میں ناکامی، آئی ایم ایف سے قرض مؤخر ہونے کا امکان

آئی ایم ایف کی جانب سے نشاندہی کردہ 2 ارب ڈالر کے مالیاتی فرق پر دو طرفہ قرض دہندگان سے یقین دہانیاں حاصل کرنے کی آخری کوششیں جاری ہیں۔ رپورٹ

Sajid Ali ساجد علی منگل 10 ستمبر 2024 10:20

بیرونی فنانسنگ میں ناکامی، آئی ایم ایف سے قرض مؤخر ہونے کا امکان
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 ستمبر 2024ء ) حکومت کی جانب سے بیرونی فنانسنگ میں ناکامی کے باعث آئی ایم ایف سے قرض مؤخر ہونے کا امکان پیدا ہوگیا۔ دی نیوز کے مطابق پاکستان کو تاحال بیرونی فنانسنگ گیپ کو پورا کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے، اگر پاکستان جاری ہفتے میں دو طرفہ اور تجارتی قرض دہندگان سے 2 ارب ڈالر کی بیرونی فنانسنگ حاصل کرنے میں ناکام رہا تو عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ سے پاکستان کے 7 ارب ڈالر کے قرض کی منظوری مؤخر ہوجانے کا خدشہ ہے کیوں کہ پیشگی شرائط پوری ہونے کے بعد ہی پاکستان کا ایجنڈا شامل ہونے کا امکان ہے۔

اعلیٰ سرکاری ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ پاکستان کو اپنا دستخط شدہ لیٹر آف انٹینٹ (ایل او آئی) آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کو بھیجنا ہے جس میں تحریری وعدہ کیا جائے گا کہ حکومت پاکستان فنڈ پروگرام کی تمام متفقہ شرائط کی تعمیل کرے گی اور اس کی بنیاد پر37 ماہ کے توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) کے تحت 7 ارب ڈالر کی منظوری پر غور کرنے کی درخواست کی جائے گی۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ پاکستان 18 ستمبر 2024ء تک آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کے ایجنڈے میں موجود نہیں ہے کیوں کہ حکومت تاحال بیرونی فنانسنگ کے حصول میں ناکام ہے اور آئی ایم ایف کی جانب سے نشاندہی کردہ 2 ارب ڈالر کے مالیاتی فرق پر دو طرفہ قرض دہندگان سے یقین دہانیاں حاصل کرنے کی آخری کوششیں جاری ہیں لیکن اگر یہ جاری ہفتہ بھی بغیر تصدیق کے گزر گیا تو پھر 7 ارب ڈالر کی توسیعی فنڈ سہولت پر آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ سے قرض کی منظوری حاصل کرنے کا امکان کم ہو جائے گا اور یہ معاملہ اکتوبر 2024ء تک مؤخر ہوسکتا ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ پاکستان کو 2 ارب ڈالرز ایکسٹرنل فناننسنگ گیپ کا سامنا ہے، پاکستان 1اعشاریہ 75 ارب ڈالرز کے کمرشل قرض کے لیے درخواست کر چکا ہے پاکستان اسلامک ٹریڈ فنانس کارپوریشن سے 40 کروڑ ڈالرز قرض کی درخواست کر چکا ہے، اسلام آباد کی جانب سے اسلامک ڈیویلپمنٹ بینک سے 35 کروڑ ڈالرز قرض کی درخواست بھی کی جا چکی ہے.

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں