جس نے پارلیمنٹ پر دھاوا بولا، جہاں جہاں سے آرڈر آیا، اُن پر آرٹیکل 6 لگائیں، علی محمد خان

بھارت، اسرائیل یا امریکہ سے نہیں میرے اپنے اداروں سے لوگ آئے، وہ نقاب پوش کون تھے جو پاکستان کے ایوان میں گھس گئے اور ہمارے لوگوں کو اُٹھا کر لے گئے۔ قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال

Sajid Ali ساجد علی منگل 10 ستمبر 2024 12:17

جس نے پارلیمنٹ پر دھاوا بولا، جہاں جہاں سے آرڈر آیا، اُن پر آرٹیکل 6 لگائیں، علی محمد خان
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 ستمبر 2024ء ) پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی علی محمد خان کا کہنا ہے کہ اگر آرٹیکل 6 لگانا ہے تو اس پر لگائیں جس نے رات پارلیمنٹ پر دھاوا بولا۔ قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس طرح نو اپریل کو کھڑا تھا آج بھی کھڑا ہوں، ہم بھاگنے یا چھپنے والوں میں سے نہیں ہیں، جمہوریت کا مقدمہ لڑنے کے لیے ایوان میں آیا ہوں، کل رات بھارت نے نہیں پاکستانی اداروں نے پارلیمنٹ پر حملہ کیا، جو ہوا وہ جمہوریت کا نائن الیون تھا، 10 ستمبر پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، کل جو ہوا وہ پاکستان کی تاریخ کا بھیانک باب ہے کیوں کہ اسرائیل یا ہندوستان نہیں بلکہ پاکستان سے نقاب پوش ایوان میں گھس کر ممبران کو لے گئے۔

علی محمد خان کہتے ہیں کہ بھارت، اسرائیل یا امریکہ سے لوگ نہیں آئے، وہ نقاب پوش کون تھے جو پاکستان کے ایوان میں گھس گئے اور یہاں سے ہمارے لوگوں کو اُٹھا کر لے گئے، یہ حملہ عمران خان پر نہیں، عامر ڈوگر پرنہیں، شیخ وقاص اکرم یا صاحبزادہ حامد رضا پر نہیں، یہ حملہ سپیکر صاحب آپ پر ہے، وزیراعظم اور شہید بینظر کے بیٹے بلاول بھٹو پر ہے، یہ پاکستان، آئین اور جمہوریت پر حملہ ہے، میرا مطالبہ ہے کہ کل رات جس نے پارلیمنٹ پر دھاوا بولا جہاں جہاں سے آرڈر آیا اُن پر آرٹیکل 6 لگائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے سپیکر قومی اسمبلی مطالبہ کیا کہ آپ اس معاملے پر کھڑے ہو جائیں، کل آپ کے بھائیوں کو یہاں سے اٹھایا گیا، اراکین کو پارلیمنٹ کے اندر اور سامنے سے اٹھایا گیا، مولانا نسیم علی شاہ اور جمشید دستی کو مسجد سے گرفتار کیا گیا، اگر جناح ہاؤس پہ حملہ پاکستان پہ تھا تو پارلیمنٹ پہ حملہ تھا تو کیا یہ پاکستان پر حملہ نہیں ہے؟ درخواست ہے آپ اپنا کردار ادا کریں، اگر آپ کھڑے نہیں ہوتے تو پارلیمنٹ کو تالا لگا کے چلے جاتے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں