’بہت ہوگیا سب یہاں بریک لگائیں‘ مصطفیٰ کمال کی ارباب اختیار اور پی ٹی آئی سے اپیل

جس کے پاس طاقت ہے اسے سوچنا چاہیئے، عمران خان کو بھی جاکر سمجھائیں، سپیکر قومی اسمبلی اپنا کردار ادا کریں۔ ایم کیو ایم رہنماء کی قومی اسمبلی اجلاس میں تقریر

Sajid Ali ساجد علی منگل 10 ستمبر 2024 12:57

’بہت ہوگیا سب یہاں بریک لگائیں‘ مصطفیٰ کمال کی ارباب اختیار اور پی ٹی آئی سے اپیل
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 ستمبر 2024ء ) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رکن قومی اسمبلی مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ ملک کو نہ کل والے واقعے اور نہ اتوار والی تقریر سے فائدہ ہو رہا ہے۔ قومی اسمبلی اجلاس میں تقریر کرتے ہوئے انہوں نے کہا جب آپ جلسوں میں عجیب و غریب الزام تراشی کریں، اداروں پر الزامات لگائے ایک خاتون وزیراعلی پر بکواس کریں میڈیا کی خواتین کو زلیل کریں تو یہ ایک پاگل پن ہے اور پاگل پن کا جواب پاگل پن سے ہی دیا جاتا ہے لہذا اب آئین قانون کی باتیں مت کریں، جب زہر بوئیں گے تو زہر ہی کاٹیں گے، جو آپ نے اتوار کو کیا یہ اُس کا آؤٹ کم ہے، آپ جب گالیاں بکیں تو جس کا جہاں بس چلے گا پھر وہ کرے گا، جو پاگل پن آپ کر رہے ہیں آؤٹ کم میں ایسی زہریلی چیزیں ہوں گی۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم رہنماء کا کہنا ہے کہ ملک کو نہ کل والے واقعے اور نہ اتوار والی تقریر سے فائدہ ہو رہا ہے، بہت ہوگیا سب یہاں بریک لگائیں، کہیں تو رکیں، جس کے پاس طاقت ہے اسے سوچنا چاہیئے، پی ٹی آئی کی پاپولیرٹی ہے اس مقبولیت کو سنبھالیں، عمران خان کو بھی جاکر سمجھائیں، سپیکر قومی اسمبلی اس معاملے میں اپنا کردار ادا کریں۔ قومی اسمبلی اجلاس میں خطاب کے دوران تحریک تحفط آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ کوئی جذباتی بات نہیں کرنا چاہتا لیکن بڑی مشکل سے جمہوریت بحال ہوئی تھی، محترمہ بے نظیر بھٹو اپنے بچوں سمیت وطن واپس آئیں، پپیپلز پارٹی اور ن لیگ نے جمہوریت کی بالادستی کے لیے معاہدہ کیا، ہم سب نے پاکستان کے آئین کا دفاع کرنے کا حلف لیا ہے، اگر حلف کی کوئی قیمت ہے تو آئینی اور غیرآئینی اقدامات پر کھل کر بات کریں، ہم سب جمہویت کے ساتھ کھڑے ہوں، چاہے وہ جرنیل ہو یا شہباز شریف ہو ہم کسی کو بھی غیر جمہوری اقدام کی اجازت نہیں دیں گے، اگر آپ اسپیکر ہیں تو اس کرسی کا حق ادا کریں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں