پاکستان میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے شاندار پاک امریکہ اشتراکی عمل جاری

باصلاحیت پاکستانی فرموں اور امریکی سرمایہ کاروں کے درمیان تعاون کی اعلیٰ تقریبات کا انعقاد

جمعہ 13 ستمبر 2024 22:18

پاکستان میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے شاندار پاک امریکہ اشتراکی عمل جاری
اسلام آباد(زوہیب منشاء۔اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13ستمبر۔2024ء) پاکستان اور امریکہ جدید معاشی اقدامات کے ذریعے اپنی دیرینہ شراکت داری کو مضبوطی سے آگے بڑھارہے ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان اشتراک اور تعاون کی اعلیٰ مثال امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس اے آئی ڈی) کے زیر اہتمام منعقدہ حالیہ انویسٹمنٹ پرموشن ایکٹوٹی کا روڈ شو ہے جس کا انعقاد نیویارک، سان فرانسسکو اور واشنگٹن ڈی سی میں امریکی سرمایہ کاروں کے سامنے پاکستانی فرموں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کیلئے کیا گیا۔

یہ روڈ شوز انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اور یو ایس اے آئی ڈی کےمشن کا حصہ ہیں جس کا مقصد پاکستان کی معاشی ترقی کو فروغ دینے کیلئے ملک میں زیادہ سے زیادہ فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ لانا ہے۔

(جاری ہے)

اس روڈ شو سیریز کا مقصد ایف ڈی آئی کے وعدوں کے عین مطابق 15ملین امریکی ڈالر اکٹھا کرنے کیلئے پاکستان میں ابھرتی مارکیٹوں تک رسائی کے خواہشمند امریکی سرمایہ کاروں اور 27 منتخب پاکستانی فرموں کے درمیان اشتراک قائم کرنا تھا۔

ان پاکستانی فرموں کا تعلق آرٹیفشل انٹلیجنس، ہیلتھ ٹیک، فنٹیک، ایڈٹیک، ایگریٹیک، کلائیمیٹ ٹیک اور سافٹ ویئر سروس جیسے شعبوں سے ہے جنہوں نے اپنے جدید طرز عمل اور عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں سے سرمایہ کاروں کو راغب کیا۔ نیویارک میں منعقدہ تقریب کے دوران فاؤنڈرز پینل ڈسکشن میں پاکستان کے ٹیک ایکو سسٹم کو اجاگر کیا گیا جس میں نمایاں سی ای اوز اور فاؤنڈرز نے جدید ٹیکنالوجی کے ٹرینڈز اور سرمایہ کاری کو درپیش مسائل پر روشنی ڈالی۔

جدید ٹیکنالوجی کے مرکز سان فرانسسکو ایونٹ میں پاکستانی فرموں اے ایل، فینچ، ہیلتھ ٹیک وغیرہ کو سلیکون ویلی کے سرمایہ کاروں کے سامنے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کا موقع ملا۔ واشنگٹن میں منعقدہ سمپوزیم میں پیشہ ور کاروباری خواتین کی سماجی اور معاشی تبدیلی لانے کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے ان کے شاندار کردار کی اہمیت کواجاگر کیا گیا۔

یو ایس اے آئی ڈی کے اسسٹنٹ ایڈمنسٹریٹر برائے ایشیا، مائیکل شیفر نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم نجی شعبے کی شراکت داری میں چھوٹی سے بڑی کارپوریشنز تک گہرے، وسیع اور زیادہ دیرپا تعلقات قائم کررہے ہیں۔ یو ایس اے آئی ڈی کی طرف سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کی سرگرمی اس کام کی اہم مثال ہے کہ کس طرح ہم دنیا کے سب سے بڑے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے زیادہ سے زیادہ وسائل بروئے کارلانے کیلئے انتھک کوششیں کررہے ہیں۔

یو ایس اے آئی ڈی کی پروجیکٹ مینجمنٹ اسپشلسٹ افشین شکور نے روڈ شوز کی افادیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان تقریبات سے نہ صرف پاکستان کے ٹیلنٹ اور جدت کو فروغ مل رہا ہے بلکہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان گہرے اور وسیع اقتصادی تعلقات کی راہیں بھی مزید ہموار ہوئی ہیں۔ تقریبات میں امریکی سرمایہ کاروں کی بھر پور شرکت دونوں ملکوں کے درمیان تعاون اور معاشی ترقی کے اعلیٰ مواقعوں کی موجودگی کا اعادہ کرتی ہے۔ روڈ شوز اس عزم کے ساتھ اختتام پزیر ہوئے کہ یو ایس اے آئی ڈی ان تقریبات کے نتیجے میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کو نہ صرف آگے بڑھایا جائے گا بلکہ اس میں تیزی لائے جائے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں