امت مسلمہ اور پاکستان کو درپیش چیلنجزکا حل نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات میں پنہاں ہے، وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا عید میلادالنبیﷺ پر پیغام

پیر 16 ستمبر 2024 23:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2024ء) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پوری امت مسلمہ بالخصوص پاکستانی عوام کو عید میلادالنبی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ امت مسلمہ اور پاکستان کو درپیش چیلنجزکا حل نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات میں پنہاں ہے،ہمیں اپنے اختلافات کو پس پشت ڈال کر اپنے ملک اور قوم کی ترقی کے لیے متحد ہو کر کام کرنے کا عہد کرنا ہوگا۔

پیر کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے 12 ربیع الاول کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ پوری امت مسلمہ بالخصوص پاکستانی عوام کو نبی آخرالزماں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت باسعادت کی نسبت سے عید میلاد النبی بہت بہت مبارک ہو، 12 ربیع الاول کا دن وہ مبارک دن ہے جب اللہ تعالی نے روز محشر تک بنی نوع انسان کی رہنمائی کیلئے پوری انسانیت کو ایک کامل ہدایت کا نور عطا کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی مبارک زندگی، ان کی سیرت طیبہ اور کردار ہمارے لیے ایک ایسی مشعل راہ ہے جس کی روشنی رہتی دنیا تک ہر انسان کی زندگی کیلئے ہدایت کا ذریعہ رہے گی، ان کا ہر عمل اور فرمان اس بات کا مظہر ہے کہ انسانیت کو کس طرح محبت، رواداری اور انصاف کے اصولوں پر قائم رہ کر ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج کے مشکل اور پرفتن دور میں ہمیں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کو نہ صرف پڑھنے بلکہ اس پر عمل کرنے کی اشد ضرورت ہے، امت مسلمہ اور پاکستان آج جن چیلنجز کا سامنا کر رہےہیں، ان کا حل نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات میں پنہاں ہے۔ انہوں نے ہمیں اتحاد، محبت اور بھائی چارے کی تلقین کی اور یہی وہ اصول ہیں جو ہمیں معاشرتی اور اقتصادی مسائل سے نکال سکتے ہیں، آئیے ہم اس موقع پر یہ عہد کریں کہ ہم اپنے اختلافات کو پس پشت ڈال کر اپنے ملک اور قوم کی ترقی کے لیے متحد ہو کر کام کریں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیشہ کمزوروں، یتیموں اور ضرورت مندوں کی مدد کا درس دیا، آج کے دن ہمیں ان لوگوں کی طرف خاص توجہ دینی چاہیے جو غربت، بھوک اور مشکلات میں مبتلا ہیں، ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کے اس عمل کو اپنائیں جس میں وہ ہر حال میں دوسروں کی مدد اور فلاح کے لیے کوشاں رہتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اس موقع پر ہمیں اپنے مظلوم فلسطینی اور کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے جو ظلم و جبر کا سامنا کر رہے ہیں، غزہ اور فلسطین میں معصوم لوگوں پر ہونے والے مظالم اور کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی دل دہلا دینے والے واقعات ہیں، نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیشہ انصاف، آزادی اور حقوق انسانی کے تحفظ کی تعلیم دی اور آج کے دن ہمیں ان مظلوموں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے حق میں اپنی آواز بلند کرنی چاہیے، ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ اہل فلسطین اور اہل کشمیر کو آزادی اور انصاف عطا فرمائے اور ان کی مشکلات کو دور کرے، ہمارا فرض ہے کہ ہم ان مظلوموں کے حق میں ہر فورم پر آواز اٹھائیں اور عالمی برادری کو ان کی حمایت پر آمادہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ آئیں ہم اس مبارک موقع پر عہد کریں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں گے اور ان کی روشنی میں اپنے معاشرے کو ایک بہتر، مساوی اور پرامن جگہ بنائیں گے، میری دعا ہے کہ اللہ تعالی پاکستان کو امن، ترقی اور خوشحالی کا گہوارہ بنائے اور ہم سب کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں