معاشی اصلاحات کی بہتری کیلئے کام کررہے ہیں، محمد اورنگزیب

معاشی محاذ پر ہم بہتر پوزیشن میں آ گئے ہیں، پاکستان کی اقتصادی ترقی اور استحکام کی راہ ہموار ہونے لگی، سعودی عرب کے سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کرتے ہیں، سعودی عرب سے پرائیویٹ سیکٹر پاکستان میں سرمایہ کاری کرے گا، وفاقی وزیر خزانہ کا پاکستان سعودی عرب بزنس فورم سے خطاب

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 10 اکتوبر 2024 11:15

معاشی اصلاحات کی بہتری کیلئے کام کررہے ہیں، محمد اورنگزیب
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10اکتوبر 2024) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ معاشی اصلاحات کی بہتری کیلئے کام کررہے ہیں،معاشی محاذ پر ہم بہتر پوزیشن میں آ گئے ہیں،پاکستان کی اقتصادی ترقی اور استحکام کی راہ ہموار ہونے لگی،سعودی عرب کے سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کرتے ہیں، سعودی عرب سے پرائیویٹ سیکٹر پاکستان میں سرمایہ کاری کرے گا،اسلام آباد میں پاکستان سعودی عرب بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستانی معیشت میں مسلسل استحکام آرہا ہے۔

پچھلے ایک سال میں پاکستان کی معیشت مستحکم ہوئی ہے۔پچھلے 14 مہینے میں ہم میکرو اکنامک پر کام کر رہے تھے، آج ہم ہمارے میکرو اکنامک انڈیکٹر بہتر ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

میکرواکنامک استحکام میں اہم کامیابی حاصل کی ہے۔انہوں نے کہا کہ کرنٹ اکاونٹ خسارے میں خاطر خواہ کمی آ رہی ہے جبکہ زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ اور روپے کی قدر میں بہتری آئی ہے ۔مہنگائی کی شرح بھی سنگل ڈیجیٹ میں آچکی ہے جو اس وقت 6.9 ہے۔

انہوں نے کہا کہ توقع ہے شرح سود میں مزید کمی ہوگی جس سے معاشی سرگرمیاں بحال ہوں گی۔وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ پاکستان سٹاک ایکسچینج تاریخ میں بلندی کا ریکارڈ بنا رہی ہے۔ کرنٹ خسارہ کم ہوا ہے اور کرنسی مستحکم ہوئی ہے۔ فارن انویسٹرز کی ادائیگیاں وقت پر کی گئی ہیں جبکہ پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری آئی ہے۔

ہم نے مائیکرو اکنامک اسٹیبلیٹی کیلئے کام کیا ہے۔حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں ہے بلکہ کاروبارکیلئے سہولیات فراہم کرنا ہیں، نجی شعبے کی شراکت داری سے ملکی معیشت کو مستحکم کرسکتے ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تجارت جام کمال کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہت سے مواقع ہیں اور ہم سعودی مارکیٹ میں اپنی موجودگی بڑھانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب زراعت، کان کنی اور آئی ٹی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرے گا۔ سعودی ولی عہد سلمان بن عبدالعزیز کا 2030 کا وڑن قابل تحسین ہے اور پاکستان تجارت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ سعودی ولی عہد کا 2030کا وژن قابل تحسین ہے۔ پاکستان تجارت کے فروغ میں سعودی فرمانروا کا وژن 2030 اہم کردار ادا کرے گا۔ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کیلئے پرعزم ہے۔وفاقی وزیر جام کمال کا مزید کہنا تھا کہ ویڑن 2030 سعودی عرب کی معیشت میں متنوعیت لانے کا اہم منصوبہ ہے۔ پاکستانی کاروبار سعودی عرب کے ویژن 2030 میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں