نمونیا جیسی مہلک بیماری سے بچاؤ کیلئے بروقت اقدامات کرنے کی ضرورت ہے‘ایازصادق

منگل 12 نومبر 2024 16:41

نمونیا جیسی مہلک بیماری سے بچاؤ کیلئے بروقت اقدامات کرنے کی ضرورت ہے‘ایازصادق
اسلام آبا د(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 نومبر2024ء) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ نمونیا جیسی مہلک بیماری سے بچاؤ کیلئے بروقت اقدامات کرنے کی ضرورت ہے،دنیا بھر میں ہر سال بچوں اور بزرگوں کی بڑی تعداد متاثر ہوتی ہے۔ نمونیا سے بچاؤ کے عالمی دن کے موقع پر پیغام میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق نے کہا کہ نمونیا سے پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہر سال بچوں اور بزرگوں کی بڑی تعداد متاثر ہوتی ہے، نمونیا جیسی مہلک بیماری سے بچاؤ کے لیے بروقت اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ویکسینیشن، متوازن غذا، صحت مند طرز زندگی، اور صاف پانی کے استعمال و دیگر احتیاطی تدابیر پر عمل کے ذریعے اس مہلک مرض سے نجات ممکن ہے، صحت کے میدان میں جدید ویکسین اور طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جارہا ہے، صحت کے شعبے میں اصلاحات اور جان لیوا بیماریوں کے خاتمے کیلئے قوانین کے نفاذ میں پارلیمنٹ کا کردار نہایت اہم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ک پاکستان کی پارلیمان نے ہمیشہ صحت سے متعلقہ مسائل کے حل کیلئے جامع منصوبہ بندی اور پالیسی سازی کے لیے مؤثر کردار ادا کیا ہے۔ اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ والدین، اساتذہ، میڈیا اور سول سوسائٹی نمونیا سے متعلق عوام میں آگاہی اُجاگر کریں، ہر شہری کو صحت سے متعلق مکمل اور معیاری معلومات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے،صحت مند اور محفوظ پاکستان کے خواب کو پورا کرنے کے اس سفر میں ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں