اعظم نذیر تارڑ سے پاکستان میں اقوام متحدہ کے دفتر برائے منشیات و جرائم کے نمائندہ خصوصی ٹرولس ویسٹر کی ملاقات، مختلف امورپر تبادلہ خیال

منگل 12 نومبر 2024 23:00

اعظم نذیر تارڑ سے پاکستان میں اقوام متحدہ کے دفتر برائے منشیات و جرائم کے نمائندہ خصوصی ٹرولس ویسٹر کی ملاقات، مختلف امورپر تبادلہ خیال
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 نومبر2024ء) وفاقی وزیر قانون و انصاف اور انسانی حقوق اعظم نذیر تارڑ سے پاکستان میں اقوام متحدہ کے دفتر برائے منشیات و جرائم (یو این او ڈی سی) کے نمائندہ خصوصی ٹرولس ویسٹر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں عدالتی اصلاحات اور ماحولیاتی جرائم جیسے ابھرتے ہوئے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں فریقین نے پاکستان میں قانونی اور ماحولیاتی منصوبوں کو آگے بڑھانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ منگل کو وزارت انسانی حقوق سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات میں کیس اسائنمنٹ اور مینجمنٹ سسٹم (سی اے ایم ایس) پر خصوصی توجہ دی گئی جو وزارت قانون و انصاف اور یو این او ڈی سی کا مشترکہ منصوبہ ہے۔

(جاری ہے)

سی اے ایم ایس کا مقصد کیس مینجمنٹ کو روایتی طریقوں سے ڈیجیٹل نظام کی طرف منتقل کرنا ہے تاکہ قانونی ماہرین کی کارکردگی اور فوری کیس کی نگرانی کو بہتر بنایا جا سکے۔

اب تک وزارت نے وفاقی وزارتوں کے فوکل پرسنز کی چھ بیچز کو تربیت فراہم کی ہے اور سی اے ایم ایس اس وقت نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن سکیورٹی بورڈ (این ٹی آئی ایس بی) کے تحت جانچ اور سکیورٹی آڈٹ کے مراحل میں ہے۔ یو این او ڈی سی نے ضروری انفراسٹرکچر فراہم کیا ہے جن میں سرورز اور کمپیوٹرز شامل ہیں اور تکنیکی مسائل کے حل کے لیے مسلسل اپنا تعاون فراہم کر رہا ہے۔

نٹرولس ویسٹر نے سی اے ایم ایس کے علاوہ ماحولیاتی تبدیلی اور جرائم کی روک تھام جیسے نئے ممکنہ شعبوں میں تعاون کی نشاندہی کی۔ وفاقی وزیر نے پراسیکیوٹرز کی صلاحیت میں اضافے کی اہمیت پر زور دیا اور اس سلسلے میں یو این او ڈی سی کے تعاون کا خیرمقدم کیا۔ ویسٹر نے پاکستان میں کم سزا کے تناسب کی وجوہات کا جائزہ لینے اور بہتری کے مختلف ماڈلز کو دریافت کرنے کے لیے ایک مشترکہ منصوبے کی تجویز دی۔

وزیر نے حالیہ کریمنل پروسیجر کوڈ میں ترامیم کے حوالے سے ویسٹر کو آگاہ کیا اور ان ترامیم میں یو این او ڈی سی کے تعاون پر گفتگو کی جس پر ویسٹر نے عدلیہ کے ساتھ شراکت داری کو یقینی بنانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے یو این او ڈی سی کی مسلسل معاونت پر ان کا شکریہ ادا کیا اور صلاحیت سازی، ماحولیاتی اقدامات اور عدالتی اصلاحات میں مشترکہ کوششوں کے لیے پاکستان کے عزم کو دوبارہ دہرایا۔ دونوں فریقین نے اس ملاقات کا اختتام باہمی تعاون کی قدردانی اور شراکت داری میں مسلسل ترقی کے عزم کے ساتھ کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں