عمران خان سے ملاقات نہ ہونے دینا عدالتی فیصلوں کی خلاف ورزی ہے ، شیر افضل مروت

اڈیالہ جیل کے نئے سپرنٹنڈنٹ عمران خان کو زچ کرنے کیلئے لایا گیا ہے، ہمیں ان سے نرمی کی توقع نہیں ہے،دفعہ 144 کا نفاذ جیل کے اندر ہو ہی نہیں سکتا، رہنماء پی ٹی آئی کی گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 13 نومبر 2024 11:01

عمران خان سے ملاقات نہ ہونے دینا عدالتی فیصلوں کی خلاف ورزی ہے ، شیر افضل مروت
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13نومبر 2024) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءشیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہ ہونے دینا عدالتی فیصلوں کی خلاف ورزی ہے ،دفعہ 144 کا نفاذ جیل کے اندر ہو ہی نہیں سکتا،اڈیالہ جیل کے نئے سپرنٹنڈنٹ عمران خان کو زچ کرنے کیلئے لایا گیا ہے،ہمیں ان سے نرمی کی توقع نہیں ہے، ہم کسی غلط فہمی میں نہیں ہیں کہ کوئی انسانی رمق ہمیں دیکھنے کو ملے گی، ہمیں ظلم، جبر اور فسطائیت دیکھنے کو ملے گی،جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے رہنماءپی ٹی آئی نے مزید کہا کہ آئینی عہدے رکھنے والے ہمارے رہنماﺅں کو اغوا کرکے حکومت نے دنیا کے سامنے اپنا چہرہ بدنما کرکے پیش کیا، 3 لاکھ بنگلادیشی نکلے اور وہاں کی پوری حکومت کو تہس نہس کردیا۔

2، 3 لاکھ پاکستانی کسی بھی علاقے سے نکل آئیں تو کافی ہیں دوسرے علاقوں کی دیکھا دیکھی پنجاب سے بھی لوگ نکلیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لوگ احتجاج کیلئے تیار ہیں صرف انہیں ہمت دلانے کی کمی ہے لوگوں کے ذہن میں ہونا چاہیے کہ اگر نکلنا ہے تو پھر گرفتاری بھی ہے آنسو گیس کی شیلنگ بھی ہوگی۔یاد رہے کہ دو روز قبل بھی پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءشیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ صوابی جلسے میں امریکی جھنڈا لانےوالا ہمارا کارکن نہیں تھا۔

امریکی جھنڈا لانےوالا کسی اورپارٹی کا تھا جسے پولیس نے گرفتار کرلیا۔انہوں نے کہا تھا کہ مخالفت ہرجگہ ہوتی ہے لیکن عمران خان کی رہائی کیلئے ہم سب اکٹھے ہیں۔رہنماءتحریک انصاف نے دنیا نیوز سے گفتگوکرتے ہوئے کہا تھاکہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور پرالزام تراشی پی ٹی آئی کوکمزورکرنے کیلئے کی جا رہی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے صوابی میں ہونے والا جلسہ بہت متاثرکن تھا۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا ہ علی امین گنڈا پور اپنے ذاتی اخراجات سے سارے جلسے کر رہے ہیں۔ علی امین گنڈ ا پور پر الزامات پارٹی کمزور کرنے کیلئے لگائے جارہے تھے۔ صوابی جلسے کا اہتمام علی امین گنڈا پورنے کیا تھا۔قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کے زیر اہتمام صوابی میں ہونے والے جلسے میں ایک شخص نے امریکی پرچم لہرا دیا تھا۔ جلسے میں شرکت کرنے والے شہری نے اچانک امریکا کا جھنڈا اٹھا لیاتھا جس پر موقع پر موجود پولیس نے اسے حراست میں لے لیاگیاتھا۔اس واقعے نے جلسے میں شریک کارکنان اور قیادت کو حیران کر دیاتھا جبکہ پولیس نے مذکورہ شخص کو تفتیش کیلئے تھانے منتقل کر دیا تھا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں