عدالت نے عمران خان کو ایک اور مقدمے سے بری کردیا

اسد قیصر، شیخ رشید، فیصل جاوید، سیف اللہ نیازی، صداقت عباسی اور علی نواز کو بھی ریلیف مل گیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 13 نومبر 2024 11:51

عدالت نے عمران خان کو ایک اور مقدمے سے بری کردیا
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 نومبر 2024ء ) عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کو ایک اور مقدمے سے بری کردیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی سیشن عدالت نے دفعہ 144، ایمپلی فائی ایکٹ کی خلاف ورزی اور دیگر دفعات کے تحت درج مقدمے سے عمران خان، اسد قیصر، شیخ رشید اور فیصل جاوید کو بری کر دیا۔ بتایا گیا ہے کہ اس حوالے سے سیشن عدالت میں جوڈیشل مجسٹریٹ یاسر محمود نے مذکورہ مقدمے میں بریت کی درخواست کی سماعت کی، فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے ملزمان کے حق میں فیصلہ سنایا، سیشن عدالت نے اس مقدمے سے سیف اللہ نیازی، صداقت عباسی اور علی نواز کو بھی بری کر دیا۔

بتایا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی و سابق وزیر اعظم عمران خان پر درج مقدمات سے متعلق تفصیلی رپورٹ بھی لاہور ہائی کورٹ میں جمع کروا دی گئی، سرکاری وکیل فرخ لودھی نے بانی پی ٹی آئی پر درج مقدمات کی رپورٹ لاہور ہائی کورٹ میں جمع کروائی۔

(جاری ہے)

رپورٹ سے معلوم ہوا ہے کہ عمران خان پر پنجاب میں مجموعی طور پر 54 مقدمات درج ہیں۔بانی پی ٹی آئی پرلاہور میں 21، راولپنڈی ڈویژن میں 19، گوجرانوالہ میں ایک، شیخوپورہ میں 7 جب کہ فیصل آباد میں 5 مقدمات درج ہیں، بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی بہن نورین نیازی نے سابق وزیراعظم پر درج مقدمات کی تفصیلات لینے کی استدعا کر رکھی ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے علاوہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھی نورین نیازی نے عمران خان کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات کے حصول کیلئے درخواست دائر کی ہے، عمران خان کی بہن کی جانب سے دائر درخواست میں وزارت داخلہ، آئی جی اسلام آباد، ایف آئی اے اور دیگر کو فریق بنایا گیا، درخواست گزار نورین نیازی نے مؤقف اپنایا ہے بانی پی ٹی آئی کیخلاف درج مقدمات کی مکمل تفصیلات اور ایف آئی آرز کی نقول فراہم کی جائیں، درخواست پر حتمی فیصلے تک معلوم اور نامعلوم مقدمات میں عمران خان کی گرفتاری سے روکا جائے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں