نیپرا نے ڈسکوز کے صارفین کیلئے بجلی 20 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دے دی

بجلی کی قیمت میں اضافہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا، اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی ہوگا، نیپرا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 5 دسمبر 2024 19:03

نیپرا نے ڈسکوز کے صارفین کیلئے بجلی 20 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دے دی
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے۔ 05 دسمبر 2024ء ) نیپرا نے ڈسکوز کے صارفین کیلئے بجلی 20 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اے آروائی نیوز کے مطابق نیپرا نے ڈسکوز کے صارفین کیلئے بجلی کی قیمت میں 20 پیسے فی یونٹ اضافہ رواں مالی سال کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ مد میں کیا ہے، صارفین کو دسمبر کے بلوں میں اضافی ادائیگیاں کرنی ہوں گی۔

بجلی کی قیمت میں اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی ہوگا۔ لائف لائن صارفین پر بجلی کی قیمت میں اضافے کا اطلاق نہیں ہوگا۔سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ نوٹیفکیشن سے پہلے وفاق کو مطلع کردیا گیا۔ دوسری جانب پاکستان کی انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق جمعرات کو انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں 02 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 277 روپے 94 پیسے ہو گئی ہے۔

انٹر بینک مارکیٹ میں سعودی ریال کی قدر 73 روپے 97 پیسے جبکہ بحرینی دینار کی قدر 737 روپے 12 پیسے رہی۔اسی طرح عمانی ریال کی انٹر بینک مارکیٹ میں قدر 721 روپے 91 پیسے رہی، کویتی دینار کی قدر 904 روپے 29 پیسے اور قطری ریال کی قدر 76 روپے 24 پیسے ریکارڈ کی گئی۔ دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید 277 روپے 50 پیسے اور قیمت فروخت 279 روپے ریکارڈ کی گئی۔

مزید برآں آئی ٹی سروسز کی برآمدات 13.43 فیصد بڑھ کر 68 کروڑ 89 لاکھ ڈالر ہوگئیں جو گزشتہ سال کے اسی مہینے میں 60 کروڑ 74 لاکھ ڈالر تھیں۔رپورٹ کے مطابق اس سال فروری سے یہ نمو واپس آئی ہے جس کی بنیادی وجہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی برآمدات میں اضافہ ہے، سوائے اگست کے جس میں 6.5 فیصد کمی دیکھی گئی تھی۔ اعداد و شمار کے مطابق روپے کے لحاظ سے اکتوبر میں برآمدات 12.34 فیصد بہتر ہو کر 191 ارب 3 کروڑ روپے ہو گئیں جو گزشتہ سال کے اسی مہینے میں 170 ارب 28 کروڑ روپے تھیں۔

رواں مالی سال میں جولائی تا اکتوبر کے دوران خدمات کی برآمدات 7.91 فیصد بڑھ کر 2 ارب 60 کروڑ ڈالر ہوگئیں جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں 2 ارب 41 کروڑ ڈالر تھیں۔ گزشتہ مالی سال میںخدمات کی برآمدات اس سے پچھلے سال کی اسی مدت میں 7.59 ارب ڈالر کے مقابلے 2.77 فیصد کی معمولی نمو کے بعد 7.8 ارب ڈالر رہی تھیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں