بطور اپوزیشن عمران خان کو کہنے کا حق نہیں کہ حکومت سے نہیں اسٹیبلشمنٹ سے بات کروں گا

پی ٹی آئی کو آئین قانون میں رہ کر بات کرنی ہے، صرف اسٹیبلشمنٹ سے بات کرنے کا مطلب یہ قبول کرنا ہے کہ طاقت فوج کے پاس ہے، حکومت کے پاس آسان راستہ استعفا دیں گھر جائیں۔ شاہد خاقان عباسی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 5 دسمبر 2024 22:56

بطور اپوزیشن عمران خان کو کہنے کا حق نہیں کہ حکومت سے نہیں اسٹیبلشمنٹ سے بات کروں گا
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے۔ 05 دسمبر 2024ء ) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ بطور اپوزیشن عمران خان کو کہنے کا حق نہیں کہ حکومت سے نہیں اسٹیبلشمنٹ سے بات کروں گا،پی ٹی آئی کو آئین قانون میں رہ کر بات کرنی ہے، صرف اسٹیبلشمنٹ سے بات کرنے کا مطلب یہ قبول کرناہے کہ طاقت فوج کے پاس ہے، حکومت کی بقاء اس کے ہاتھ میں نہیں ہے، آسان راستہ استعفا دیں گھر جائیں۔

انہوں نے ہم نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی موجودہ صورتحال میں سیاسی، ملٹری اور جوڈیشری کی لیڈرشپ کا امتحان ہے، ملک کو بحران سے یہی لوگ نکال سکتے ہیں، میں صرف دعا کرسکتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ ان کو توفیق دے۔ اگر جھگڑا ریاست اور عمران خان ہے تو جھگڑا دور کیا جائے، اس جھگڑے میں عوام کا کوئی قصور نہیں، نقصان ملک کا ہورہا ہے ۔

(جاری ہے)

معاشی صورتحال کا ملک کی معاشی پالیسی سے کوئی تعلق نہیں ہے ، دنیا میں تیل کی قیمتیں کم ہورہی ہیں اس سے مہنگائی میں تھوڑی سی کمی آئے گی۔ لیکن یہ مسائل کا حل نہیں ہے۔جب تک سیاسی انتشار رہے گا معاشی حالات ٹھیک نہیں ہوں گے،جس ملک میں حکومت عوام کو قتل کرے گولی چلائے، اس کے بارے دنیا کیا تاثر رکھے گی؟ ابھی کوریا میں واقعات ہوئے کیا وہاں کوئی گولی چلی؟وہاں بھی سیاستدان ایک ساتھ بیٹھنے کو تیار نہیں لیکن جب ملک کی بات آئی تو کہتے یہ نظام ملک کیلئے ٹھیک نہیں ہے۔

کرسیوں اور عہدوں کو چھوڑ کر ملکی مفاد کو سامنے رکھنا ہوگا ۔ 2014 میں یہی جماعت ڈی چوک میں 126دن بیٹھی رہی اس وقت گولی نہیں چلی؟ عمران خان کو رہا نہ کریں ، لیکن جو جرم کیا ہے وہ عوام کو بتایا جائے، فرد جرم عائد کرکے مقدمہ چلانا چاہئے، ڈیڑھ سال بعد کیس چلایا جارہا ہے، اس کا جو فیصلہ آئے وہ غلط ہوگا، کیونکہ ڈیڑھ سال بعد شہادت کی کوئی حیثیت نہیں رہتی۔ میرا عمران خان یا حکومت سے تعلق نہیں، میں تو عوام کی بات کروں گا۔ حکومت کہتی ہے کہ معیشت میں اضافہ ہوا ہے، کیا ملک میں ایک نوکری دی گئی، باہر سے کتنے پیسے آئے ہیں؟ملک میں متحرک گروپ بن چکے اب سیاست ختم ہوگئی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں