وزیراعظم کا یوتھ پروگرام کے تحت قرض کی رقم بڑھانے کا اعلان

چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبارکو سہولیات دینے کیلئے تفصیلی سروے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کردی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 16 جنوری 2025 11:49

وزیراعظم کا یوتھ پروگرام کے تحت قرض کی رقم بڑھانے کا اعلان
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 16 جنوری 2025ء ) وزیراعظم شہباز شریف نے یوتھ پروگرام کے تحت قرض کی رقم بڑھانے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے تحت قرض کی رقم 5 لاکھ سے بڑھا کر 15 لاکھ روپے کرنے کی ہدایت کی ہے، یہ پیشرفت وزیراعظم کی زیر صدارت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے امور پر جائزہ اجلاس کے دوران سامنے آئی جہاں متعلقہ حکام نے وزیراعظم کو اس حوالے سے بریفنگ دی۔

بتایا گیا ہے کہ بریفنگ میں متعلقہ حکام نے اجلاس کے شرکاء کو ایس ایم ایز کی ترقی و سہولت کے لیے حکومتی اقدامات پر پیشرفت سے آگاہ کیا اور بتایا کہ وزیرِ اعظم کی ہدایت پر عمل درآمد کرتے ہوئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے کے بعد ایس ایم ایز کے لیے قرض کے فارم کو مزید آسان اور سادہ بنا دیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ ایس ایم ایز اپنے کاروبار کی بہتری کے لیے قرض کی سہولت سے مستفید ہو سکیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شہباز شریف نے حکام کو ہدایت کی کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبارکو سہولیات دینے کیلئے تفصیلی سروے جلد مکمل کرتے ہوئے یوتھ پروگرام کے تحت قرض کی رقم 5 لاکھ سے بڑھا کر 15 لاکھ کی جائے جب کہ سہولیات کو بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ترقی یافتہ ممالک کا ماڈل اپنایا جائے، چھوٹے پیمانے کےکاروبار میں خواتین انٹرپرینیورز کے لیے خصوصی پیکج تشکیل دے کر اسے جلد پیش کیا جائے۔

وزیراعظم کی جانب سے یہ ہدایت بھی کی گئی کہ چھوٹے پیمانے کے کاروبار میں خواتین انٹر پرینیورز کے لیے خصوصی پیکیج بناکر جلد پیش کیا جائے، حکومت پاکستان کی افرادی قوت کو کاروبار کی ترغیب دینے کے لیے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو سہولت دینے کے لیے پر عزم ہے کیوں کہ دنیا بھر میں ایس ایم ایز معیشت کی ترقی میں کلیدی اہمیت رکھتی ہیں، اسی لیے حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ ایس ایم ایز کو فروغ دے تاکہ ملکی برآمدات میں اضافہ ہو۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں