مذاکراتی کمیٹیوں کی آج سیرحاصل گفتگو ہوئی، جوڈیشل کمیشن پر ابھی تک فیصلہ نہیں ہوا

ہماری آراء قریب قریب ہیں میٹنگز آئندہ بھی جاری رہیں گی، 7 ورکنگ ڈے پورے ہوں گے تو جواب دیں گے۔ سینیٹر عرفان صدیقی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 21 جنوری 2025 20:28

مذاکراتی کمیٹیوں کی آج سیرحاصل گفتگو ہوئی، جوڈیشل کمیشن پر ابھی تک فیصلہ نہیں ہوا
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 21 جنوری 2025 ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماء اور حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ مذاکراتی کمیٹیوں کی آج سیرحاصل گفتگو ہوئی، جوڈیشل کمیشن پر ابھی تک فیصلہ نہیں ہوا، ہماری آراء قریب قریب ہیں میٹنگز آئندہ بھی جاری رہیں گی۔ انہوں نے پی ٹی آئی اور حکومتی کمیٹیوں کے اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی کا آج کا اجلاس ختم ہوگیا ہے، جوڈیشل کمیشن پر ابھی تک فیصلہ نہیں ہوا، آج سیرحاصل گفتگو ہوئی، مثبت طریقے سے اس پر کام کررہے ہیں، ہماری آراء قریب قریب ہیں میٹنگز آئندہ بھی جاری رہیں گی ، حکومتی مذاکراتی کمیٹی کی کل دوبارہ میٹنگ ہوگی۔

آج میٹنگ میں 7جماعتوں کے نمائندے موجود تھے، 7 ورکنگ ڈے پورے ہوں گے تو جواب دیں گے۔

(جاری ہے)

مزید برآں عرفان صدیقی نے ”ایکس “پر اپنے ایک بیان میں میڈیا پر اس حوالے سے چلنے والی خبر کی تردید کی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے چارٹر آف ڈیمانڈ کے حوالے سے میڈیا پر ایک خبر سامنے آئی جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حکومتی کمیٹی نے جواب میں اپنا موقف تیار کر لیا ہے تاہم عرفان صدیقی نے اس حوالے سے کہا ہے کہ ذرائع کے حوالے سے میڈیا میں آنے والی اس خبر میں کوئی صداقت نہیں کہ حکومتی کمیٹی نے پی ٹی آئی کے چارٹر آف ڈیمانڈز کے جواب میں اپنا موقف تیا ر کر لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ خبر اور اس میں بیان کی گئی تمام تفصیلات بے بنیاد ہیں اس وقت حکومتی کمیٹی میں شامل سات جماعتیں باہمی مشاورت اور اپنی اپنی قیادت سے راہنمائی حاصل کرنے کے عمل میں ہیں حکومتی کمیٹی کے ترجمان عرفان صدیقی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حتمی جواب تیار کرنے میں ایک ہفتہ مزید لگ سکتا ہے. دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ عرفان صدیقی حکومتی کمیٹی کے ترجمان ہیں اور ان کے لیے مناسب نہیں کہ وہ مذاکرات کو تعطل کا شکار بنائیں بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی اپنے مطالبات پر قائم ہے اور مذاکرات کرنا چاہتی ہے. چیئرمین پی ٹی آئی نے خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت نے سات دن میں جوڈیشل کمیشن قائم کرنے کا عندیہ نہ دیا تو مذاکرات کی چوتھی نشست نہیں ہو سکتی انہوں نے ایک بار پھر دہرایا کہ آرمی چیف سے ملاقات لا اینڈ آرڈر کی صورت حال پر تھی اور اس ملاقات پر ایشو کھڑا نہیں کرنا چاہیے۔

 

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں