آئی ایم ایف وفد پاکستان کا دورہ مکمل کرنے کے بعد واپس روانہ، منی لارنڈنگ،گورننس، مشکوک مالی ترسیلات پربریفنگ

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے تجزیاتی مشن کے دورہ پاکستان کی تفصیلی رپورٹ جولائی میں جاری کی جائیگی، آئی ایم ایف ٹیم کی سیکرٹری کابینہ ڈویژن کی سربراہی میں وزارتوں کے حکام سے ملاقاتیں ہوئیں

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 15 فروری 2025 10:36

آئی ایم ایف وفد پاکستان کا دورہ مکمل کرنے کے بعد واپس روانہ، منی لارنڈنگ،گورننس، مشکوک مالی ترسیلات پربریفنگ
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15فروری 2025ء)بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)کا تجزیاتی مشن پاکستان کا دورہ مکمل کرنے کے بعد واپس روانہ ہو گیا ہے، اس دورے کے دوران مشن نے گورننس اور کرپشن سے متعلق تشخیصی جائزہ مکمل کر لیا ، اس کی ایک تفصیلی رپورٹ جولائی میں جاری کی جائے گی،سرکاری ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف ٹیم کی سیکرٹری کابینہ ڈویژن کی سربراہی میں وزارتوں کے حکام سے ملاقات ہوئی اور مشن نے وزارت خزانہ، اقتصادی امور، تجارت، نجکاری کے نمائندوں سے ملاقات کی۔

ان ملاقاتوں میں مشن کی سفارشات پر گورننس اوراحتساب بہتربنانے کیلئے اقدامات پر بات چیت ہوئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف وفد کی فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کے حکام سے بھی ملاقات ہوئی اور وفد کو ایف ایم یوکی ورکنگ اورکارکردگی سے متعلق بریفنگ دی گئی جبکہ آئی ایم ایف وفد کو مشکوک مالی ترسیلات، پورٹنگ اور تحقیقات پر بریف کیا گیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق دہشتگردوں کی مالی معاونت روکنے کے اقدامات پرتفصیلی بات چیت ہوئی۔

اس دوران آئی ایم ایف وفد نے آڈیٹر جنرل پاکستان سے بھی ملاقات کی اور آڈٹ کے طریقہ کار اور پی اے سی کی ہدایات پر عملدرآمد سے متعلق سوالات اٹھائے۔ وفد نے ملاقات میں آڈیٹر جنرل آفس کے کام کے طریقہ کار سے متعلق معلومات لیں ۔ وفد نے چیف جسٹس آف پاکستان سے بھی ملاقات کی اور قانونی و عدالتی امور پر تبادلہ خیال کیا۔یہ دورہ پاکستان میں مالیاتی اور انتظامی گورننس کو بہتر بنانے کے لیے آئی ایم ایف کے جاری تجزیاتی عمل کا حصہ تھا جس کے نتائج آئندہ چند ماہ میں رپورٹ کی صورت میں سامنے آئیں گے۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کا وفد مارچ کے آخری ہفتے میں دوبارہ پاکستان کا دورہ کرے گا۔خیال رہے اس سے قبل آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالیناجارجیو نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران کہا تھاکہ پاکستان میں آئی ایم ایف کی حمایت یافتہ اصلاحات پر وزیراعظم کاعزم حوصلہ افزا تھا۔وزیراعظم شہباز شریف سے منیجنگ ڈائریکٹر آئی ایم ایف کی ملاقات ہوئی تھی جس میں آئی ایم ایف پروگرام اور حکومتی اصلاحات کے ذریعے حاصل ہونے والے میکرو اکنامک استحکام پر گفتگو کی گئی تھی۔

وزیراعظم ہاﺅس کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اور عالمی مالیاتی فنڈ کی ایم ڈی کرسٹالینا جارجیوا کی ورلڈ گورنمنٹس سمٹ 2025 کے موقع پر دبئی میں ملاقات ہوئی تھی۔ ایم ڈی آئی ایم ایف سے ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے مالیاتی نظم و ضبط برقرار رکھنے پر بھی پاکستان کے عزم کو اجاگر کیا تھااور ٹیکس اصلاحات، انرجی سیکٹرکی بہترکارکردگی سمیت اہم شعبوں میں پیشرفت برقراررکھنے کے عزم کا اعادہ کیاتھا۔

اس موقع پرآئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران طویل مدتی معاشی استحکام کو یقینی بنانے کیلئے مسلسل مالیاتی نظم و ضبط، ادارہ جاتی اصلاحات اور موثر گورننس کی اہمیت پر زور دیاتھا۔ ایم ڈی آئی ایم ایف نے پروگرام موثرطریقے سے نافذکرنے میں پاکستان کی کوششوں اور اصلاحاتی ایجنڈے پر عملدرآمد کیلئے وزیراعظم کے ذاتی عزم کو سراہا تھا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں