لاہور ہائیکورٹ میں ججز تقرری، جوڈیشل کمیشن کا اجلاس 28 فروری کو طلب

جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں 8 سیشن ججز کے نام زیر غور آئیں گے، اجلاس میں پنجاب کے 8 سیشن ججز میں سے 4 ججز کو لاہور ہائیکورٹ کا ایڈیشنل جج مقرر کیا جائے گا

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 15 فروری 2025 11:34

لاہور ہائیکورٹ میں ججز تقرری، جوڈیشل کمیشن کا اجلاس 28 فروری کو طلب
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15فروری 2025ء) چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی نے لاہور ہائیکورٹ میں ججز تقرری کرنے کیلئے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس 28 فروری کو طلب کرلیا، جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں 8 سیشن ججز کے نام زیر غور آئیں گے، اجلاس میں پنجاب کے 8 سیشن ججز میں سے 4 ججز کو لاہور ہائیکورٹ کا ایڈیشنل جج مقرر کیا جائے گا،اسی طرح سیشن جج جزیلہ اسلم اور طارق محمود باجوہ سیشن جج شاہد سعید اور عبہر گل خان،اس کے علاوہ سیشن جج راجہ غضنفر علی خان، قیصر نذیر بٹ ، سیشن جج محمد اکمل خان اور تجویز احمد شیخ کا نام لاہور ہائیکورٹ کیلئے تجویز کیاگیا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل لاہور ہائیکورٹ کے 9 نئے ایڈیشنل ججز نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا تھا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم نے ایڈیشنل ججز سے حلف لیا تھا۔

(جاری ہے)

حلف برداری کی سادہ و پروقار تقریب لاہور ہائیکورٹ کے مرکزی سبزہ زار میں منعقد ہوئی تھی۔ رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ عبہر گل خان نے تقریب میں نظامت کے فرائض سرانجام دیئے تھے۔

تقریب حلف برداری میں جسٹس شجاعت علی خان، جسٹس علی باقر نجفی، جسٹس عابد عزیز شیخ، جسٹس چوہدری اقبال، جسٹس امجد رفیق، جسٹس انوار حسین، جسٹس وحید خان، جسٹس اسجد جاوید گھرال، جسٹس احمد ندیم ارشد، جسٹس فاروق حیدر، جسٹس عابد حسین چٹھہ اور جسٹس سلطان تنویر سمیت دیگر ججز وہائیکورٹ کے افسران، صوبائی و وفاقی لاء افسران، سینئر وکلائ، حلف اٹھانے والے ججز کی فیملیز اور عزیز و اقارب بھی موجود تھے۔

حلف اٹھانے والوں میں جسٹس حسن نواز مخدوم، جسٹس ملک وقار حیدر اعوان، جسٹس سردار اکبر علی، جسٹس سید احسن رضا کاظمی، جسٹس ملک جاوید اقبال وینس اور جسٹس محمد جواد ظفر نے حلف اٹھایا، جسٹس خالد اسحاق، جسٹس ملک محمد اویس خالد اور جسٹس چودھری سلطان محمود بھی حلف اٹھانے والوں میں شامل تھے۔قبل ازیںجوڈیشل کمیشن نے سپریم کورٹ کیلئے 6 مستقل ججز کے ناموں کی منظوری دی گئی تھی۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کا اجلاس ہوا تھاجس میں سپریم کورٹ میں 8 نئے ججوں کے تقرر پر غور کیا گیاتھا۔اجلاس میں اسلام آباد، سندھ، بلوچستان اور پشاور ہائیکورٹس کے چیف جسٹس کو سپریم کورٹ کا جج بنانے کی منظوری دی گئی تھی۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق، چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس شفیع صدیقی، بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس ہاشم کاکڑ، چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ اشتیاق ابراہیم، پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس شکیل احمد اور سندھ ہائیکورٹ کے جج صلاح الدین پنور کو سپریم کورٹ کا جج تعینات کرنے کی منظوری دی گئی تھی۔

اس کے علاوہ جویشل کمیشن نے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کو بھی اکثریت رائے سے عارضی جج تعینات کرنے کی بھی منظوری دیدی تھی۔جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں لاہور ہائیکورٹ کے دو ججز کی سپریم کورٹ میں تقرری کا معاملہ موخر کر دیا گیا تھا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں